اراضی وقف کرنے والے کنبوںکی مانگ
۔ 218کنبوں کے ایک ایک فرد کو ملازمت دی جائے
محمداسحٰق عارف
ڈوڈہ//محکمہ صحت عامہ ڈوڈہ کو مختلف دیہاتوں میں حوض وغیرہ کی تعمیر کے لئے اراضی وقف کرنے والے لوگوں کے ایک وفد نے محمد عبداللہ وانی کی قیادت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اراضی وقف کرنے والے کنبوں کو تحت ضابطہ کنبہ کے ایک فرد کو بطور ملازم تعینات کیاگیا اور پھر 2014میں انتخابی ضابطہ اخلاق کا بہانہ بنا کر 218کنبہ جات کو یہ کہہ کر تعیناتی کے آرڈر نہ دئے گئے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی مدت ختم ہونے کے بعد ان کو بھی ملازمت کی تعیناتی کے حکم نامہ جاری کئے جائیں گے مگر اس کے بعد محکمہ مسلسل ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے گذشتہ تین برسوں سے مختلف حیلوں اور بہانوں سے تعیناتی کے آرڈر جاری نہیں کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے بھی حالیہ ڈوڈہ میں عوامی دربار کے دوران یہ مسئلہ اُٹھایا ہے لہذا ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ جلد سے جلد ہمارے ساتھ انصاف کرتے ہوئے 218کنبوں کے ایک ایک فرد کو عارضی ملازم تحت ضابطہ تعینات کیا جائے بصورت دیگر وہ حصول انصاف کے لئے سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ وفد میں محمد شفیع ڈار، کفایت اللہ ڈار، محمد اقبال پڑے ، ظہیر عباس بھی شامل تھے۔
مہور میں بھیڑ بکریوں کی بیماری
لوگ پریشان،فوری اقدامات کا مطالبہ
زاہد ملک
مہور//سب ڈویژن مہور میں بھیڑ بکریوں کی بیماری وبائی صورت اختیارکر گئی ہیں۔مہور کے الگ الگ مقامات جیسے برنسال، دیول، نہوچ، شبراس ،تھیرلہ،بگوداس،بلمتکوٹ،چانہ,شکاری سے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ ان علاقاجات میں بھیڑ بکریوں کی بیماری پھوٹ پڑی ہے جس کے باعث مقامی لوگوں کا سخت نقصان ہورہا ہے۔کیوں کہ مقامی زمینداروں کا روز گار بھیڑ بکریوں سے ہی ممکن ہے۔مقامی باشندوں کا الزام ہے کہ اگرچہ انہوں نے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام تک یہ بات پہنچائی لیکن محکمہ شیپ ہسبنڈری کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ اگرچہ اس بچھڑے علاقے میں لوگ بھیڑ بکریوں سے ہی اپنا روزگار چلاتے ہے لیکن بیماری نے اس طرح تیزی اختیار کرلی ہے بھیڑ بکریوں کے مرنے کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ علاقہ میں بھیڑ بکریوں کے اعلاج و معالجہ کیلئے خصوصی ٹیم بھیج دی جائے اور نقصان کا تخمینہ لگا کر زمینداروں کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔
پیپلز پارٹی یونائٹیڈ کا ریاستی اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان
کشتواڑ//جموں و کشمیر پیپلز پارٹی یونائٹیڈ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں پارٹی اس مرتبہ متحد ہوکر الیکشن لڑے گی اور انہیں اعتماد ہے کہ ان کی جیت ہوگی۔پارٹی کے ریاستی جنرل سیکٹری ایاز احمد زرگر نے پریس بیان جاری کرتے ہوے کہا کہ ان کی جماعت نے کسان، مزدور، نوجوانوں سے وابستہ خدمت گاروں کے ساتھ ساتھ تعلیم اور بے روزگاری جیسے امور کو اٹھایا ہے جس کو لیکر ہی عوام کے پاس پی پی یو ووٹ حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ برسوں کے اقتدار کے دوران ان پارٹیوں نے ریاست کی یکطرفہ ترقی کی ہے اور صرف پانچ دس صنعت کاروں کو ہی اس کا فائدہ ملا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی پی یو جموں و کشمیر کی متوازن ترقی کرنا چاہتی ہے اور اس نے کسانوں کے قرض معافی، سستی تعلیم ، طبی سہولیات اورچھوٹی و درمیانی درجہ کی صنعتوں کو مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ زرگر نے کہاکہ جموں و کشمیر میں پیپلز پارٹی یونائٹیڈ اقتدار میں آتی ہے تو ریاست کے عوام کی خواہش کے مطابق اور ان کی آواز پر ترقی سے متعلق فیصلے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے سنہرے مستقبل اور امن کی دعا کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کے قرض معافی پر سرکار آتے ہی قدم اٹھاہی گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی پارٹیاں انتخابی موضوع تیار نہیں کرسکی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کا کھوکھلا پن سمجھ آگیا ہے۔ زرگر نے کہاکہ جموں و کشمیر کے تمام طبقات کا اس مرتبہ موڈ بدلا ہے۔ پسماندہ طبقہ کے لوگوں میں غصہ ہے،وہ اقتدار میں تبدیلی چاہتے ہیں۔
عسّر کے دیہات کی عوام بجلی سے محروم
محمداسحٰق عارف
ڈوڈہ// موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی سب ڈویژن عسّر کے دھنسل گاؤں اپر جھٹی بھابو میں بجلی ٹرانسفارمر جل جانے کی وجہ سے علاقہ کے لوگ گھپ اندھیرے میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔شدید سردی میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سمنا کرنا پڑ رہا ہے ۔پچاس سے زائد کنبہ جات پر مشتمل گاؤں کا واحد ٹرانسفارمر جو علاقہ کے لئے برقی روح کا ذریعہ تھا گزشتہ تین یوم سے خراب ہے اور اس دوران محکمہ کو ٹرانسفارمر خراب ہونے اطلاع دی گئی ہے لیکن تاحال مرمت کا کام ابھی شروع نہ ہو سکا ہے ۔ ہمیشہ کی طرح موسم سرما میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور پھر ٹرانسفارمر کا خراب ہو جانا معمول بن گیا ہے علاقہ کے لوگوں نے نے بتایا کہ تین روز سے گاؤں بجلی سے محروم ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو سردی اور اندھیرے کی دوہری مار جھیلنی پڑ رہی ہے اور بالخصوص طلباء برادری زیادہ متاثر ہو ئی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ بھی کوئی کارروائی نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ و متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ گاؤں دھنسل اپر جھٹی کو جلد از جلد بجلی ٹرانسفارمر فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو مزید متاثر نہ ہونا پڑے۔
بھنڈاری یوتھ کانگریس کے ترجمان مقرر
کشتواڑ//کشتواڑ کے ایک کانگریس لیڈر رندیپ بھنڈاری کو یوتھ کانگریس اودھمپور۔ ڈوڈہ۔کشتواڑ لوک سبھا حلقہ کے لئے یوتھ کانگریس کا ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔پردیش یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر پرنو شگوترہ نے بھنڈاری کی تعیناتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ وہ پارٹی کے پروگراموں اور پالسیوں کو آگے لیکر اپناکام بخوبی انجام دیں گے۔ریاستی صدر نے تقرری کا حُکم پارٹی کے آل انڈیا یوتھ کانگریس کے سیکرٹری اوما شنکر پانڈے اور انچارج یوتھ کانگریس جموں و کشمیر ششی پال کھیڑا کی سفارشات پر قومی صدر راجا برار سے منظوری لینے کے بعد جاری کیا ہے۔
ڈوڈہ میں منریگا ایمپلائز کی ہڑتال 5ویں روز بھی جاری
۔17دسمبر کو جموں چلو کال کامیاب بنانے کی اپیل
رفیع چودھری
ڈوڈہ//مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (ایم جی نریگا) کے تحت کام کرنے والے ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال ڈوڈہ میں5 ویں روز بھی جاری رہی۔مظاہرین نے تنبہیہ کیا ہے کہ اگر انکی مانگوں کو تسلیم نہیں کیا گیا تو وہ اپنی احتجاج میں شدت لاکر اسے پُر تشدُد بنائیں گے۔یہ ملازمین اپنی خدمات باقاعدہ بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔کام چھوڑ ہڑتال کے5ویں روز احتجاجی ملازمین نے ای سی ڈی ڈوڈہ کے دفتر کے باہر ایک پُر امُن احتجاج کیا۔مظاہرین کی قیادت بلاک صدر محمد اشرف کر رہے تھے ۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سرکار منریگا ملازمین کے لئے جاب پالیسی بنانے میں لیت و لعل کر رہی ہے ،جسکے لئے ریاست بھر میں منریگا ملازمین احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے تمام احتجاجی ملازمین کو 17دسمبر کو جموں چلو کال کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔انہوں نے سرکار سے انکے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر وہ اپنی احتجاج میں شدت لائیں گے۔