سرینگر// شہر کے خانیار علاقے میں سنیچر بعد از دوپہر اس وقت افراتفری کا ماحول پیدا ہوا،جب نامعلوم اسلحہ برداروں نے پولیس کے گشتی دستے پر گولیاں چلائیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ پائین شہر کے خانیار علاقے میں سہ پہر قریب4بجے شیراز چوک کے نزدیک پولیس کی گشتی پارٹی پر گولیاں چلائی گئیں،تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بندوق بردار حملہ کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ خانیار علاقے میں اس حملے سے کچھ دیر تک افرتفری اور تنائو کا ماحول پیدا ہوا،جبکہ گاڑیوں اور راہ گیروں کی نقل و حرکت بھی کچھ دیر تک متاثر رہی،تاہم بعد میں صورتحال معمول پر آگئی۔