سرینگر//ملک بھر کی بیشتر ریاستوں میں نقدی کی زبردست قلت اور اے ٹی ایمز میں رقومات نہ ہونے کی صورتحال کے دوران جے کے بنک نے جموں ریجنل آفس ریزرو بنک آف انڈیا کی بروقت معاونت سے کشمیر وادی میں نقدی کی وافر سپلائی بحال کی ہے ۔نقدی کی قلت کے باعث اے ٹی ایم نیٹ ورک میں خلل واقعہ ہونے کی رپورٹس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ،جے کے بنک نے ریزرو بنک آف انڈیا سے درخواست کی کہ وادی میں لوگوں کو نقدی کی قلت کے حوالے سے درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے ۔وادی میں جے کے بنک کے اہتمام سے چلائے جارہے کرنسی چیسٹ میں نقدی کی سپلائی بحال ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جے کے بنک چیئرمین و سی ای او پرویز احمد نے کہا’’میں آر بی آئی جموں کا مشکور ہوں جو انہوں نے مشکل وقت میں ہمیں معاونت کی ۔ان کی بروقت کاروائی جو انہوں نے نقدی کی سپلائی بحالی کے حوالے سے کی ،باعث اطمینان ہے ۔ہم ان کی مسلسل معاونت کے مشکور ہیں‘‘چند روز قبل وادی کے کئی اے ٹی ایم نقدی سے خالی ہوگئے تھے اور اسکے بعد متواتر بور تین روز تک تعطیلات کی وجہ سے بھی اے ٹی ایمز کی نقدی ترسیل رک گئی تھی ۔چیئرمین نے کہاکہ ہم اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں کیونکہ جے کے بنک ہی ایسا واحد ادارہ ہے جس کی ریاست بھر میں رسائی ہے ۔تمام حالات میں بنک بلا خلل بینکنگ خدمات بہم پہنچانے کا مکلف ہے ۔ہم ان چند ایام کے دوران نقدی کی قلت سے لوگوں کو درپیش مشکلات کی وجہ سے معذرت خواہ ہیں ۔