سرینگر//حریت (گ) چیرمین سید علی گیلانی نے پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ خطاب جس میں انہوں نے کشمیر تنازعے سمیت تمام اہم مسائل کو حوصلہ مندی اور دلیرانہ انداز میں اُجاگر کرنے کو خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کا خطاب کشمیر کی امنگوں کے مطابق حق وصداقت پر مبنی تھا۔ حریت چیرمین نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر تنازعہ کو ہمیشہ عالمی فورسز پر اٹھایا ہے اور اس سیاسی مسئلے کو بامعنیٰ مذاکراتی عمل کے ذریعے اور کشمیریوں کے احساسات اور خواہشات کے مطابق اس دیرینہ مسئلے کے حل پر ہمیشہ زور دیا ہے، لیکن حکومت ہندوستان نے ہمیشہ اپنے فوجی تسلط کو برقرار رکھنے کے لیے ظلم کے ہر قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے اور اس کے باوجود بھی آج تک کشمیریوں کی تحریک کو دبا نہیں سکتے۔ حریت چیرمین سید علی گیلانی نے کہا کہ شاہد خاقان نے کشمیر کے لوگوں کے سیاسی حقوق کے حق میں آواز اٹھانے سے یہ ثابت کیا کہ وہ کشمیر کے دوست اور خیرخواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کی خواہشات کا احترام کرے اور اس خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا رول ادا کرے ۔