عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں میں حکام نے گزشتہ ماہ سینک کالونی میں ممبئی کی ایک خاتون کے قتل اور دو دیگر کے زخمی ہونے کے معاملے کو سنبھالنے میں مبینہ کوتاہی کے الزام میں ایک اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) سمیت تین پولیس افسران کو معطل کر دیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایس ایچ او چھنی ہمت انسپکٹر دیپک پٹھانیا اور پولیس پوسٹ سینک کالونی کے انچارج پی ایس آئی وسیم بھٹی کو پی ایس آئی روہت شرما کے ساتھ اس بات کے بعد معطل کر دیا گیا کہ متاثرہ30سالہ مہ جبین عقیل شیخ، ویسٹ ملاڈ، ممبئی کی گولی لگنے سے موت ہوئی تھی اور ابتدائی طور پر یہ سڑک حادثہ کے طور پر نہیں بتایا گیا تھا۔21اگست کو، مہ جبین، اس کی بہن فاطمہ عقیل (21سال) اور لدھیانہ کی جسپریت کور (28سال) کو جموں کے جے کے میڈیسٹی ہسپتال میں دو مردوں نوین بخشی اور سریندر پال نے داخل کیا جنہوں نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ یہ خواتین رنگ روڈ پر ایک سڑک حادثے میں زخمی ہوئی تھیں۔ یہ دونوں مبینہ طور پر سینک کالونی میں ایک فزیوتھراپی سنٹر چلاتے ہیں، جہاں ذرائع کے مطابق، معطل افسران کی نگرانی میں کچھ عرصے سے قابل اعتراض سرگرمیاں جاری تھیں۔طبی مشورے کے خلاف، زخمی خواتین کو اسکامز بتراہسپتال اور بعد میں جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا، جہاں مہجبین نے 30 اگست کو دم توڑ دیا۔ لیکن بعد کی تحقیقات نے اس بات کی تصدیق کی کہ مہ جبین کو گولی لگنے سے چوٹ آئی تھی، جس کے نتیجے میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ایک نامعلوم ملزم کے خلاف بی این ایس ایس کی دفعہ 103(1)،109، 332(b) اور اسلحہ ایکٹ کے تحت ایک ایف آئی آر (نمبر 152/2025)چھنی ہمت پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی۔سینئر پولیس افسران نے آتشیں ہتھیاروں کے لنک قائم کرنے میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے تینوں اہلکاروں کو فوری طور پر قتل کا سراغ لگانے میں ناکامی پر معطل کرنے کا حکم دیا۔ایک بیان میں، پولیس نے واقعات کی ترتیب کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب خواتین کو 21اگست کو اسپتال میں داخل کیا گیا تو ڈاکٹروں نے انہیں بیان کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔ مہجبین بعد میں 30اگست کو چل بسی، اور جب کہ اس کی والدہ نے ابتدائی طور پر پوسٹ مارٹم سے استثنیٰ کی درخواست کی، ایس ایچ او نے تضادات کا حوالہ دیتے ہوئے اس سے انکار کردیا اور معاملے کو مزید جانچ کے لیے بھیج دیا۔پوسٹ مارٹم 31اگست کو ڈاکٹروں کے ایک بورڈ نے مجسٹریٹ اور کرائم ٹیم کی موجودگی میں ویڈیو گرافی اور فوٹو گرافی کے ساتھ کیا تھا۔ بعد ازاں تفتیش کاروں نے سی سی ٹی وی فوٹیج، کال ریکارڈ، اور مرنے والوں، زخمیوں اور ان کے ساتھیوں کا انٹرنیٹ ڈیٹا اکٹھا کیا۔پولیس کے مطابق آتشیں اسلحے کے استعمال کا شبہ جلد ہی سامنے آیا، اور تفتیشی کارروائی کو 18ستمبر کو قتل کی ایف آئی آر میں تبدیل کر دیا گیا۔ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے، جب کہ اس بات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہے کہ آیا کوئی وسیع گٹھ جوڑ ملوث ہے۔حکام نے کہا کہ افسران کی معطلی بروقت پتہ لگانے میں کوتاہی اور ابتدائی مرحلے میں یہ نتیجہ اخذ کرنے میں ناکامی کی وجہ سے کی گئی کہ مہ جبین کو گولی لگی تھی۔بندوق بردار کی شناخت تاحال نامعلوم ہے۔ حکام نے بتایا کہ مجرم کا سراغ لگانے اور اسے گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔