سوپور //تارزو سوپور میںایک خاتونبجلی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گئی ۔ کندر محلہ تارزو سوپور کی رہنی والی 34سالہ حفیظہ بیگم زوجہ ریاض احمد کو منگل کے روز زور دار بجلی کا ایک جھٹکا لگ گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئی اگرچہ اُسے کمنٹی ہیلتھ سنٹر سوپور بھیجا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا ۔حفیظہ کے خاوند ریاض احمد نے بتایا کہ گھر میں بجلی کی ترسیلی لائن میں خرابی آئی اور وہ اُسے ٹھیک کر رہی تھی کہ اس اثنا میں اُسے بجلی کا زور دار جھٹکا لگ گیا جس کے سبب اُس کی موت واقعہ ہوئی ۔خاتون کی میت جب اُس کے آبائی گھر پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ۔ ادھر سرینگر مظفر آباد شاہراہ پر تاپر پٹن کے نزدیک سڑک حادثے میں زخمی ہونے والا نوجوان زندگی کی جنگ ہار گیا۔ یہ واقعہ پیر کی شب اُس وقت پیش آیاجب بجلی کی ترسیلی لائنیں آپس میں ٹکرا گئیں اورسڑک پر کھڑے21سالہ عرفان احمد میر ولد غلام احمد ساکن اندر گام پٹن اپنے آپ کو بچانے کیلئے دوڑ پڑا۔اس دوران وہ بارہمولہ سے سرینگرکی طرف آرہی تویرا گاڑی زیر نمبر JK05/0229 کی زد میں آکر بری طرح سے مضروب ہوا ۔اسے خون میں لت پت حالت میں پہلے سب ڈسٹرکٹ اسپتال پٹن اور بعد میں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیا گیا جہاں قریب چار گھنٹوں تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ بیٹھا۔اس کی میت جب اس کے گھر لائی گئی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ نوجوان ایک نجی مواصلاتی کمپنی کے ساتھ کام کرتا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کیس رجسٹر کرکے تحقیقات کی جارہی ہے۔