بڈگام//ممبر قانون ساز اسمبلی خانصاحب حکیم یاسین نے جوالا پورہ خانصاحب میں نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔انہوںنے جوالا پورہ میں ہی گورنمنٹ ہائی سکول کی عمارت کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔حکیم یاسین نے بتایا کہ پرائمری ہیلتھ سینٹر اور سکولی عمارت کی تعمیر کے لئے فنڈس اُن کے سی ڈی ایف سکیم سے فراہم ہوں گے ۔انہوںنے متعلقہ ایجنسیوں پر دونوں پروجیکٹ مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔حکیم یاسین نے سی آر ایف کے تحت 15کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہورہی رندک وجی پورہ جوالا پورہ سڑک کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔انہوںنے متعلقہ انجینئروں پر اس اہم سڑک پروجیکٹ کو مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت دی تاکہ لوگ اس سڑک رابطہ سے فوری طور استفادہ کرسکیں۔ممبر موصوف نے جوالا پورہ کے لئے ایک الگ واٹر سپلائی سکیم کے لئے صحت عامہ کے انجینئروں کو ڈی پی آر تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔حکیم یاسین نے خانصاحب حلقے کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لئے عوام سے بھرپور تعائون طلب کیا۔