عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //ممبر قانون ساز اسمبلی بدھل جاوید اقبال چوہدری نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت اور ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت سمیت پورے سیٹ اپ نے صورتحال پر فوری ردعمل ظاہر کیا ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔ایم ایل اے بدھل نے جمعہ کے روز جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وہاں ہسپتال میں داخل دیہاتیوں سے ملاقات کی جبکہ بعد میں انہوں نے بڈھال گاؤں کا دورہ کیا اور وہاں کیمپ لگائے ہوئے سینئر افسران اور طبی ماہرین سے ملاقات کی۔انہوں نے کہاکہ ’’حکومت اور انتظامیہ بالخصوص ضلعی انتظامیہ صورتحال پر فوری ردعمل دے رہی ہے اور طبی ماہرین کی ایک ٹیم نے بھی علاقے کا دورہ کیا اور ہمارے خصوصی میڈیکل کیمپ بھی چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور تمام اٹھائے گئے نمونوں کے فوری نتائج کو یقینی بنانے کیلئے ان کی ذاتی مداخلت پر زور دیا۔