جموں//نیشنل پنشن سسٹم (این پی ایس) کے تحت کام کرنے والے اپنے ملازمین کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے حکومت نے اپریل 2020 کے مہینے سے اپنی ماہانہ شراکت میں 14 فیصد اضافے کے احکامات جاری کئے ہیں۔اس سلسلے میں ایک ایس او جمعرات کو محکمہ خزانہ نے جاری کیا جس میں یہ ذکر کیا گیا ہے کہ "حکومت یکم اپریل 2020 سے این پی ایس ملازمین کے حق میں اپنی شراکت کا حصہ 14فیصد ڈالے گی۔اس اقدام سے حکومت کے 2010 کے بعد تعینات ہزاروں ملازمین کو فائدہ ہو گا جو اس نظام کے تحت چل رہے ہیں۔یہاں یہ ذکر کرنا ضروری ہے کہ حکومت ہر ملازم کے بنیادی تنخواہ اور مہنگائی الاؤنس کے 10 فیصد کے برابر ماہانہ شراکت کررہی ہے جسے اب اپریل ، 2020 میں بڑھا کر 14 فیصد کردیا گیا ہے جو جموں کشمیر کے ان ملازمین کو مرکزی حکومت کے ملازمین کے برابر بنائے گی۔ملازمین بھی یہی مطالبہ کر رہے تھے اور حکومت نے اس کو پورا کیا ہے۔جس سے یہاں قومی پنشن سسٹم کے تحت کام کرنے والے ہزاروں ملازمین کو کافی فائدہ ہوگا۔