عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مرکز کی حکومت عوام کی توجہ ایسے مسائل سے ہٹانے کے لئے تفرقہ انگیز حربے استعمال کر رہی ہے جن فوری توجہ اور حل کی ضرورت ہے۔ یہ حکمت عملی جس کا مقصد معاشرے کے مختلف طبقوں میں دراڑیں پیدا کرنا ہے، نہ صرف ملکی اتحاد کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ بنیادی چیلنجوں سے نمٹنے میں حکومت کی نااہلی کا بھی واضح اشارہ ہے۔ان خیالات کا اظہار این سی کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری اور سابق وزیر اجے سڈھوترہ نے جموں کے شیر کشمیر بھون میں نگروٹہ حلقہ کے این سی پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصوبائی صدر جے کے این سی جموں رتن لال گپتا بھی موجود تھے۔ میٹنگ کی صدارت رگھویر سنگھ منہاس ضلع صدر جموں دیہی اے جے کے این سی نے کی جنہوں نے سینئر عہدیداروں کو نگروٹہ حلقہ کے لوگوں کو بجلی اور پانی کی فراہمی کی کمی، صحت کی سہولیات کی کمی جیسی بنیادی سہولیات کی کمی کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ سینئر این سی لیڈر نے زور دے کر کہا کہ اس طرح کے اقدامات معاشی بدحالی، بے روزگاری، صحت کے بحران اور تعلیمی اصلاحات جیسے اہم مسائل سے توجہ ہٹانے کی دانستہ کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسائل انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور حکومت اور عوام دونوں کی طرف سے فوری اور توجہ کی ضرورت ہے۔
ان اہم شعبوں سے توجہ مبذول کرواتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ان خدشات کو دور کرنے کے اپنے فرض سے نہ صرف کوتاہی کر رہی ہے بلکہ عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے تفرقہ انگیز طریقے بھی استعمال کر رہی ہے جس سے جمہوری عمل اور معاشرے کی مجموعی فلاح و بہبود کو نقصان پہنچ رہا ہے۔رتن لال گپتا صوبائی صدرنے بی جے پی حکومت کی طرف سے ملک بھر میں نکالی جانے والی وکشت بھارت سنکلپ یاترا پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور اس یاترا کو بی جے پی کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب قرار دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یاترا کا بنیادی مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے۔ ’’بی جے پی اس یاترا کا استعمال ملک کے غریب ترین غریب اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے مرکزی حکومتوں کی اسپانسر شدہ اسکیموں کی ناکامیوں اور پچھلی انتخابی مہموں کے دوران کئے گئے نا مکمل وعدوں سے توجہ ہٹانے کے لئے کر رہی ہے‘‘۔حلقہ نگروٹہ کے عوام کے مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رتن لال نے کہا کہ نگروٹہ حلقہ پر ہمیشہ این سی حکومتوں کے دوران توجہ مرکوز کی گئی۔انہوں نے موجودہ انتظامیہ پر الزام لگایا کہ وہ اسے مکمل طور پر نظر انداز کر رہی ہے اور اس طرح سیاسی انتقام کی وجہ سے عوام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔نیشنل کانفرنس کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی صدر نے کہا کہ یہ نیشنل کانفرنس ہی تھی جس نے علاقے کی ترقی کے لئے انتظامی یونٹس، ایس ڈی ایم آفس، تحصیلوں اور نیابتوں کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے کے لوگ اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ این سی کے دور حکومت میں اس علاقے میں بڑے کالج، پرائمری اسکول، سڑکیں، پل، صحت کے مراکز قائم ہوئے تھے۔