عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
کراکس//وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کی انتظامیہ نے صدارتی انتخابات کے بعد جاری کریک ڈاون دوران حکومت مخالف سرگرمیوں کے شبہے میں 5غیر ملکیوں کو گرفتارکرلیا۔ وزیر داخلہ ڈیوسڈاڈو کابیلو نے کہا کہ امریکا سے تعلق رکھنے والے 3اور ایک بولیویا سے اور ایک پیرو کے شہری کو مبینہ طور پردہشت گردی کی سرگرمیوں کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ حراست میں لیے گئے غیر ملکی ہسپانوی زبان بولتے ہیں۔ دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ وینزویلا میں 28 جولائی کو صدارتی دوڑ کے بعد سے جبر میں اضافہ ہوا ہے۔ادھربرطانیہ میں ٹوری پارٹی کے کونسلر کی اہلیہ لوسی کونولی کو نسلی نفرت انگیز پوسٹ کرنے پر جیل کی ہوا کھانا پڑے گی۔ عدالت کی جانب سے لوسی کونولی کو نفرت انگیز پوسٹ کرنے پر 31 ماہ قید کی سزا سنا ئی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق کونولی پر سیاسی پناہ گزینوں کی عارضی قیام گاہ کو جلانے کی پوسٹ کرنے کے الزام ہے۔ کونولی نے پناہ گزینوں کی بڑے پیمانے پر ملک بدری کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ اگر یہ کام مجھے نسل پرست بناتا ہے تو میں ایسی ہی ہوں۔کونولی کی جانب سے بچیوں کے قتل کے 3 دن بعد متنازع پوسٹ شیئر کی گئی تھی۔یاد رہے کہ 29 جولائی کو شمالی برطانیہ میں 3بچیوں کے قتل کے بعد فسادات بھڑک اٹھے تھے۔ ان پرتشدد ہنگاموں کی وجہ وہ غلط معلومات اور افواہیں تھیں جن میں بچیوں کے قتل کا الزام ایک مسلمان پناہ گزین پر عائد کیا گیا تھا تاہم بعد میں کارڈف میں پیدا ہونے والے 19 سالہ ایکسل روداکوبانا پر یہ الزام عائد کیا گیا تھا۔ ان ہنگاموں کے بعد پولیس نے لگ بھگ 1300 افراد کو گرفتار کیا اور 200 افراد کو جیل بھیج دیا گیا۔