کٹھوعہ// جنگلات اور ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت زیادہ سے زیادہ آبادیوں کو ہر موسم کے لئے ساز گار سڑک رابطوں سے جوڑنے کو ترجیح دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کٹے اور دُور دراز علاقوں تک مختلف سکیموں کے ذریعے رسائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔وزیر موصوف نے ان خیالات کا اظہار بسوہلی کے اپنے دورے کے دوران کیا جہاں انہوں نے مختلف سڑکوں کے کام کاج کا معائنہ کیا۔وزیر نے نن گلی۔ دھیوتا سڑک کے معائنے کے دوران افسروں کو3 کلو میٹر سڑک کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ مقامی آبادیوں کو فائدہ مل سکے۔انہوں نے پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس میں عوام دربار کے دوران لوگوں کے مطالبات سُنے۔ انہوں نے تمام جائیز مطالبات کے بروقت ازالہ کی یقین دہانی دی۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم بسوہلی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔