جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کسان گھر فروٹ اور سبزی منڈی کمپلیکس نروال میں محکمہ باغبانی کے کام کاج کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں سیکرٹری باغبانی نوین کمار چودھری کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے سینئر افسران اور فروٹ اینڈ سبزی منڈی ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔میٹنگ کے آغاز میں ناظم باغبانی نے محکمہ کی طبعی اور مالی پیش رفت کے بارے میں ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی۔اِس موقعہ پر مشیر خان نے خطاب کرتے ہوئے مختلف سکیموں ، تمام جاری پروگراموں اور منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ یوٹی کے کسانوں اور فروٹ کاشتکاروں کے مفادات کے لئے سکیموں کو من و عن عمل آوری کو یقینی بنائیں۔مشیر نے کہا کہ یوٹی اِنتظامیہ زراعت اور باغبانی کے شعبوں کو فروغ دینے ،پیداوار کو بڑھانے،جموں و کشمیر کے کسانوں کی سماجی و معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔مشیر نے کہا کہ محکمہ کسانوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لئے کام کرے کیوں کہ زراعت اور باغبانی جموںوکشمیر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ اُنہوں نے تمام اَفسران اور فیلڈ کارکنوں سے کہا کہ وہ مختلف تکنیکی مداخلت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے پوری لگن ، ایمانداری اور خلوص کے ساتھ کام کریں تاکہ زرعی فصلوں کی پیداوار اور پیداواریت کی صلاحیت میں اضافہ ہوسکے۔اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے اِقدامات کو اَپنانے سے کسانوں کی پیداوار کو مناسب اور بہتر معاوضے کی قیمتیں حاصل کرکے ان کی حالت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔