کپواڑہ// دیہی ترقی و پنچایتی راج ، قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق نے کہا ہے کہ وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی ریاست میں امن کی فضا قائم کرنے کی وعد ہ بند ہے اور ا س سلسلے میں انہوںنے لوگوں کوتعاون دینے کی اپیل کی ہے۔ضلع کپواڑہ کے لولاب وادی میں کئی عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے محبوبہ مفتی کے ان کوششوں کو سراہا جو انہوںنے امن اور ترقی کے لئے انجام دی ہیں۔انہوںنے کہاکہ ریاست میں امن قائم کرنے کے لئے ہندوستان پاکستان کے درمیان امن کا ماحول پیدا ہونا چاہئے کیونکہ بات چیت ہی تمام مسائل کو حل کرنے کا واحد راستہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ تشدد سے آج تک کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوا ۔اس سے قبل وزیر نے لولاب وادی کے درد پورہ اور وارنو علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں برفبانی تودے گر آنے کے شکار ہوئے لواحقین سے ملاقات کی۔ دریں اثناء وزیر نے لولاب کے دورے کے دوران وہاں پر جاری ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر علاقے کے کئی وفود وزیر سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر نے وفود کے مطالبات بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل مرحلہ وار طریقے پر حل کرے گی۔وزیر نے اس موقعہ پر درد پورہ میں کھیل کے میدان کی تعمیر کے لئے 10لاکھ روپے کی فراہمی کا اعلان کیا۔