عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹس محکموں کے موجودہ انضمام شدہ انتظامی ڈھانچے کا جائزہ لیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ کو جموں و کشمیر میں ہینڈی کرافٹس اور ہینڈ لوم سیکٹر کو فائدہ پہنچانے والی فلیگ شپ سکیموں اور پالیسیوں کے بارے میں جانکاری دی گئی، جو نئی وول ، ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم پالیسی 2020 کے نوٹیفکیشن کے بعد عمل میں آئی ۔ پرزنٹیشن کے بعد نائب وزیر اعلیٰ نے انتظامی محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ اگلے فالو اپ اجلاس میں انضمام سے پہلے اور بعد کے برسوں کے متعلق محکمانہ سکیموں کے حوالے سے مجموعی ڈیٹا پیش کرے تا کہ دونوں سیکٹروں کیلئے ایک نقطہ نظر روڈ میپ تیار کیا جا سکے ۔ انہوں نے محکمہ کو مشورہ دیا کہ وہ اگلے اجلاس میں جموں و کشمیر میں کرافٹ سیکٹر کے فروغ کیلئے ایک بلیو پرنٹ پیش کرے ۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کارکنوں اور بنکروں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ ہتھ کرگھا اور ہینڈ لوم محکموں کو فنکاروں اور بنکروں کے وسیع تر مفادات کی خدمت کیلئے کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہتھ کرگھا اور ہینڈ لوم محکمہ نئے سرے سے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرے گا تا کہ ہتھ کرگھا اور ہینڈ لوم دونوں شعبوں کو برابر ترقی دی جا سکے ۔ اس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ نے ہتھ کرگھا اور ہینڈ لوم شعبوں کے نمائندوں کی بات سُنی تا کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے براہ راست رائے حاصل کی جا سکے ۔ انہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کا جائیزہ لے کر ان کا ازالہ کیا جائے گا ۔