سرینگر// حریت (گ)نے محمد شعبان خان سوپور، غلام محمد خان سوپوری، معراج الدین نائیکو سیلو سوپور، یاور مظفر احمد سوپور، بشیر احمد براٹھ سوپور، ارشاد احمد تیلی، غلام نبی گوجری اور مولوی بشیر احمد پر تیسری بار پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرکے وادی سے باہر جموں امپھلا جیل منتقل کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے انتقام گیری کے تمام تر ریکارڈ مات کردئے ہیں اور اب موجودہ حکومت صرف فوج اور پولیس کے سہارے اقتدار کے مزے لوٹ کر وقت گزاری کی پالیسی پر گامزن ہے۔ حریت نے کہا کہ حکومت تحریکِ آزادی سے وابستہ قائدین اور کارکنوں کو 2016ء سے مسلسل کالے قوانین کا سہارا لیکر بار بار PSAکے تحت جیلوں میں بند کرکے انتقام لے رہی ہے۔ حریت کانفرنس نے کہا کہ PSAکواش ہونے کے بعد دوسرے اور تیسرے PSAکا کوئی آئینی، قانونی، اخلاقی، انسانی یا سیاسی جواز نہیں ہے اور موجودہ حکومت جب اپوزیشن میں تھی تب وہ اپنے پیش رو حکومت کو آزادی پسند عوام کو PSAکے تحت گرفتار رکھنے کو ظلم سے تعبیر کرتی تھی، مگر اب موجودہ حکومت صرف اور صرف PSAکا عارضی سہارا لیکر اقتدار پر براجمان رہنا چاہتی ہے۔