بانہال // نیشنل کانفرنس ضلع رام بن کے صدر سجاد شاہین نے ایم ایل اے بانہال کی جانب سے حلقہ ترقیاتی فنڈز میں مبینہ ہیرا پھیری کی ایک اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔وہ منگل کے روزبانہال میں پارٹی کے بلاک یونٹ کے عہدہ داروں، معزز کارکنوں اور ڈیلیگیٹوں کی ایک ماہانہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایت ہے کہ کہ مختلف محکموں بشمول زراعت، محکمہ میں مختلف کاموں کے لئے رقومات نکالے گئے ہیں جبکہ اصل میں یہ کام ہوئے ہی نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک آزادانہ تحقیقات اور خصوصی آڈٹ ہی افسروں اور سیاست دانوں کے درمیان سانٹھ گانٹھ کو بیان کرے گی۔انہوںنے کہا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لئے اس کی تحقیقات لازمی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بجلی کے کھمبے فقط با رسوخ افراد کو ہی فراہم کئے جاتے ہیں جبکہ دیگر لوگوں کو اس سلسلہ میں کافی دشواریاں آتی ہیں۔انہوں نے حلقہ کے ایم ایل اے کی کارکردگی کو کافی مایوس کن قرار دیا اور کہا کہ انکے دور میں حلقہ ترقیاتی کاموں میں پیچھے رہ گیا ہے ۔ اجلاس کے دوران کانگریس اور پی ڈی پی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔جن کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو احسا س ہوا کہ این سی ہی فقط ایک ایسی پارٹی ہے جو لوگوں کے سیاسی، سماجی اور اقتصادی مسائل حل کر سکتی ہے۔ُانہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ گُذشتہ تین سال کے دوران این سی میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی ہے۔نئے شامل ہونے والے کارکنوں میںعبدالغنی گنائی، بشیر احمد ،منظور احمد نائیک، غلام محمد زوہد، پرویز احمد نائیک، عبدالحمید نائیک، محمد سلیم زوہد،مقسعود احمد زوہد، بشیر احمد زوہد ،محمد یوسف نائیک ،شکیل احمد کے علاوہ متعدد کارکنان بھی شامل تھے۔