سرینگر //دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر عبدالحق نے ہمہامہ میں پنچائت گھر کم سی ایم سی پر ہو رہے کام کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ کام میں سرعت لا کر اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ اس دوران وزیر نے کہا کہ اس عمارت کو اگلے سال تک مکمل کیا جائے گا اور اس میں میٹنگوں ، سماجی اجتماعات اور دیگر کانفرنسوں کیلئے ہر طرح کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ یہ پنچائت بھون 13 ویں مالی کمیشن کے تحت 9.28 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس پروجیکٹ پر اب تک 4.32 کروڑ روپے صرف کئے جا چکے ہیں ۔ عبدالحق نے کہا کہ پنچائت بھون ہر ایک حلقے میں تعمیر کرنے کا منصوبہ پچھلے سال سے شروع کیا گیا اور اس میں 150 افراد کے بیٹھنے کی گنجایش کے علاوہ دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس عمارت سے علاقے کے لوگوں کی ضروریات پوری ہوں گی ۔