کاروان اسلامی ،میرواعظ کشمیر،انجمن شرعی شیعیان،حقانی ٹرسٹ اور غوثیہ ٹرسٹ کی عوام کو مبارکباد
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کاروان اسلامی ،میرواعظ کشمیر،انجمن شرعی شیعیان ،حقانی ٹرسٹ اور غوثیہ ٹرسٹ قاضی گنڈنے عید میلاد النبیؐ پر عوام کو مبارکباد پیش کی ۔کاروان اسلامی انٹرنیشنل کی جانب سے کئی اجتماعات اور مجالس کا انعقاد کیا گیا اورمرکزی ادارہ جامعہ قادریہ واقع مرشد نگر ترگام میںخصوصی تقریب کاانعقاد کیا۔اس مجلس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور رات کے لمحات ذکر و اذکار میں گزارے ۔ اس موقع پر کاروان اسلامی کے سربراہ مولانا غلام رسول حامی نے خطاب میں میلاد النبیؐ کے متعلق کئی افکار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام دور اول سے لے کر اب تک اس قسم کی تقاریب و مجالس کا انعقاد کرتے آرہے ہیں اور اس عمل پر ہی تا قیامت ثابت رہیں گے۔ در ایں اثنا اس موقع پر موجود تمام علماء نے کانفرنس کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میلاد النبیؐ کا مقصد عوام الناس من حضوؐ کے تئیں گہری محبت اور اطاعت کے جذبات کو زندہ اور جاوداں رکھنا ہے ۔ادھر میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے ایکس پرکہا کہ میلاد النبی ؐ کے موقعہ پرپوری امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ’ آئیے ہم سب حضورؐ کی تعلیماتِ رحمت، عدل اور خدمت انسانیت کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔انہوں نے دعا کی کہ’ وہ ہماری مصیبتوں کو آسان فرمائے کیونکہ نہایت تشویشناک اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ انجینئر رشید تہاڑ جیل میں ایک جان لیوا حملے میں بال بال بچے اور کشمیری قیدیوں کے ساتھ دانستہ طور HIVمثبت قیدی رکھے گئے ہیں تاکہ ان کو اکسانے، حملہ کرنے اور جسمانی اذیت پہنچانے کا باعث بنیں‘۔انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام ہفتہ وحدت کی تقریبات عید میلاد النبیؐ کے موقع پر وادی بھر میں شروع ہوگئیں۔ اس سلسلے کا آغاز حسبِ روایت خانقاہ میر شمس الدین اراکی جڈی بل سرینگر سے ہوا جہاں صدر انجمن آغا سید حسن کی قیادت میں ایک جلوسِ میلاد برآمد کیا گیا۔ یہ جلوس علمگری بازار اور مرزا کامل چوک حول سے گزرتا ہوا امام بارگاہ گلشن باغ بٹہ کدل میں اختتام پذیر ہوا۔جلوس میں حوزاتِ علمیہ کے طلبہ و طالبات، دینی مکاتب کے سینکڑوں طلبہ اور تنظیم کے کارکنوں کے علاوہ فرزندانِ توحید کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔انہوں نے اس موقع پر امت مسلمہ کو عید میلاد النبیؐ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مبارک مہینہ قرآن و سنت کی پیروی، باہمی اخوت و اتحاد کو فروغ دینے اور اسلام دشمن استکباری سازشوں کے مقابلے میں صف آرا ہونے کا پیغام دیتا ہے۔اس دوران آغا سید مجتبیٰ نے ایم کے چوک حول میں ہفتہ وحدت کی تقریبات کا آغاز کیا۔انہوں نے عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں کے تناظر میں مسلم اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔آغا سید مجتبیٰ نے اپنے خطاب میں کہاکہ اگر دنیا کے مسلمان متحد ہوتے تو اسرائیل کبھی فلسطین کی جائز سرزمین پر قبضہ نہیں کرپاتا اور گزشتہ سات دہائیوں سے انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب نہ ہوتا۔حقانی میموریل ٹرسٹ نے اہلسنت کوارڈی نیشن کمیٹی بڈگام خصوصاً صوت الاولیاکے اشتراک سے دارالعلوم حقانیہ سویہ بگ سے خانقاہ معلی تک میلادریلی کا اہتمام ہوا۔ ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار ، مولانا محمد شفیع نعیمی ، مولانا گلزار احمد راتھر، مولانا ارشد حسین قادری اور دوسرے مقررین نے خطاب کیا ۔انہوں نے تاریخ انسانیت میں ولادت نبویؐ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پیغام میلادالنبی ؐ کو صحیح معنوں میں سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے ۔ادھر غوثیہ عربی کالج ٹرسٹ قاضی گنڈ و انجمن اہلسنت و جماعت کے زیر اہتمام قصبہ قاضی گنڈ میں ایک جلوس عید میلاد النبی ؐکا اہتمام کیا گیا۔ جلوس میں کافی تعداد میں عاشقانِ رسولِ پاک ؐکے علاوہ دارالعلوم اہلسنت غوثیہ عربی کالج کے اساتذہ کرام و طلباء نے اپنی عقیدت و محبت کاشایانِ شان طریقے سے اظہار کیا۔ جلوس کی قیادت سربراہ اعلیٰ غوثیہ عربی کالج و انجمن اہلسنت و جماعت جموں و کشمیر سید محمد شفیع اندرابی بذاتِ خود اپنے رفقاء کے ساتھ کر رہے تھے۔