سرینگر// عید میلا د النبی ﷺ کی اختتامی تقریب کے موقعہ پر درگاہ حضرتبل میں عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا جس میں ہزاروں فرزندان توحید بشمول مردوزن اور بچوں نے شرکت کی۔ نماز پنجگانہ کے موقعہ پر عاشقان رسول ﷺ موئے مقدس ﷺ کے دیدار سے فیضاب ہوئے ۔ حضرت محمد مصطفی احمد مجتبیٰ ﷺ کے یوم ولادت باسعادت یعنی عید میلا د النبی ﷺ کی اختتامی تقریب کے موقعہ پر عرب و عجم او ر مشرق و مغرب میں انتہائی تزک واحتشام اور عقیدت و احترام کے ساتھ عظیم الشان دینی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جبکہ وادی بھر میں بھی حضور پاک ﷺ کے یوم ولاد ت کے بابرکت موقعہ پر روح پرور تقاریب اور مجالس کا اہتمام کیا گیا۔ سب سے بڑی روح پرور اور عظیم الشان تقریب تاریخی درگاہ حضرتبل سرینگر میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے اطراف و اکناف اورصوبہ جموں کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے آکرجمعرات کی شام سے با برکت شب خوانی کی مجالس میں شرکت کی ۔ نماز ظہر کے وقت لوگوںکی بڑی تعداد موئے مقدس ؐ کے دیدار سے فیضاب ہوئے اورنشاندہی مولانا سعید محی الدین بانڈے نے کی جبکہ عصر کے بعد الحاج ڈاکٹر منظور احمد بانڈے نے موئے پاکؐ کی نشاندہی کی۔جگہ جگہ سے ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید بشمول خواتین عید میلاد النبی ﷺ کے موقعہ پر بابرکت شب خوانی مجلس میں شرکت کیلئے پہنچی تھیں اور انہوں نے رات بھر یہاں دورود و ازکار اور قرآن خوانی میں گزار کر اللہ تبارک و تعالیٰ کے آخری نبی ﷺ کے تئیں اپنی والہانہ محبت اور عقیدت کا بھر پور اندا ز میں اظہار کیا۔ پوری رات حضرتبل کے اطراف و اکناف میں فضاء دورود و ازکار اور نعت خوانی سے گونج رہی تھی ۔ شب خوانی کی با برکت مجلس کے دوران علمائے اور دیگر مقررین نے حضور پرنور ﷺ کے دنیا میں ظہور کا ذکر کرتے سیرت نبویﷺ پر روشنی ڈالی۔ رات شب خوانی کی مجلس میں موجود رہے فرزندان توحید نے جمعہ کی صبح درگاہ حضرتبل میں نماز فجر کے بعد موئے مقدس ﷺ کے دیدار کافیض حاصل کیاجبکہ اس دوران مختلف علاقوں سے سخت سردی کے باوجود سینکڑوں لوگ بھی یہاں پہنچے تھے ۔ جمعہ کی صبح شمالی ، وسطی اور جنوبی کشمیر کے دو ر دور علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نجی اور چھوٹی بڑی مسافر بردار گاڑیوں میں حضرتبل پہنچنا شروع ہوئے۔ اس دوران نماز جمعہ کے دوران درگاہ حضرتبل کا پورا حاطہ اور گرد نواح ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں سے بھر گیا تھا جبکہ سخت سردی کے باوجود مسلسل عقیدت مند یہاں پہنچ رہے تھے۔ سردی کے باوجود نماز جمعہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اور رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اورخدا کی بارگاہ میں اپنے گناہوں ، خطائوں اور لغزشوں کے لئے معافی مانگ رہے تھے۔ نماز عصر کے بعد نماز مغرب کے بعد بھی ہزاروں فرزندان توحید نے موئے مقدس ﷺ کے دیدار کافیض حاصل کیا ۔ نماز عشاء کے بعد بھی درگاہ حضرتبل میں ہزاروں عقیدت مند موجود تھے اور انہوں نے بھی موئے مقدس ﷺ کے دیدار کا فیوض حاصل کیا۔ اُدھرملک عبدالاسلام کے مطابق کھرم سرہامہ اسلام آباد ، سیر ہمدان کعبہ مرگ آثار شریف پنجور ہ شوپیان ، محلہ خواجہ صاحب بارہمولہ ، آثار شریف شہری کلاش پورہ ، جناب صاحب صورہ ، آستان عالیہ سعید صاحب سونہ وار ، آستان عالیہ پیر دستگیر صاحب واقع خانیار ، آستان عالیہ پیر دستگیر صاحب واقع سرائے بالا ، آستان عالیہ مخدوم صاحب ؒ اور وادی کے دیگر مقامات پر واقع آستانوں ، خانقاہوں اور مساجد میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کی اختتامی تقریب کے موقعہ پر عظیم الشان اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔چھانہ پورہ صورہ کی گول مسجد میں انجن علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالی۔س دوران فرزندان توحید نے انفرادی اور اجتماعی طور اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنے کے ساتھ ساتھ اپنی نیک تمنائوں اور مرادوں کی تکمیل کیلئے گڑ گڑا کر دعائیں مانگیں ۔