سرینگر// محبوب سبحانی قطب ربانی پیران پیر حضرت غوث العظم دستگیر شیخ سید عبدالقادر جیلانی ؓ ؓ کا عرس پاک آ ج ریاست کے تینوں خطوں کے ساتھ ساتھ برصغیر کے کئی ممالک میں نہایت ہی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہاہے۔ وادی میں اس مناسبت سے گذشتہ 10 دنوں سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ۔ عرس کے سلسلہ میں وادی میں سب سے بڑی تقریب خانقاہ غوث العظم دستگیر ؓ ؓ خانیار میں منعقد ہو رہی ہے جبکہ سرائے بالا میں بھی عقیدتمندوں کا ایک بڑا اجتماع منعقد ہورہا ہے۔ دستگیر صاحب ؓ ؓ کے عرس کے سلسلہ میں سخت سردی کے باوجود شب خوانی کیلئے سرینگر اوروادی کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد خانیار پہنچ گئی جبکہ انتظامیہ نے زائرین کو لانے اور لیجانے کیلئے ٹرانسپورٹ کے علاوہ پانی اور بجلی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ کئی رضاکار تنظیموں نے زائرین کی سہولیات کیلئے خصوصی کیمپ لگا ے ہیں۔ خانیار اور سرائے بالا کے بازاروں اور زیارت گاہوں پر چراغاں کیا گیا ہے اور پھولوں کی مالائوں سے سڑکوں کو سجایا گیا تھا جبکہ زیارت کی جگہوں پر میلے بھی لگائے گئے ہیں۔ جمعہ کو خانیار اور سرائے بالا میں عقیدتمندوں کی بڑی تعداد نے نماز جمعہ ادا کی اور درود و ازکار کی مجالس میں حصہ لیاجس کے نتیجے میں علاقہ کی فضائیں روح پرور آوازوں سے گونجتی رہیں۔دریں اثنا رہباب صاحب عالی کدل آثار شریف شہری کلاش پورہ ، جناب صاحب صورہ میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ادھر وادی کے دیگر قصبہ جات جس میں کعبہ مرگ، کھرم سرہامہ ، اسلام آباد ، خانقاہ فیض پناڈورو، ،سیر ہمدان ،وچی ، اہم شریف بانڈی پورہ ، بڈگام ، کپوارہ ، بارہمولہ ، ہندوارہ اور تجر شریف سوپور میں تقریبا ت کا انعقاد ہورہا ہے ۔
زائرین کیلئے معقول انتظامات کئے جائیں :ساگر
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل علی محمد ساگر نے ڈویژنل انتظامیہ سے اپیل کی کہ سالانہ عرس مبارک کے پیش نظر زائرین کیلئے معقول اور مناسب انتظامات جن میں پینے کی پانی، بغیر خلل بجلی، صحت وصفائی اور معقول ٹرانسپورٹ کے انتظامات بھی شامل ہیں، صبح وشام دستیاب رکھے جائیں۔ انہوں نے قدیم اور تاریخی زیارت گاہوں حضرت پیر دستگیر صاحبؒ خانیار ، درگاہ غوثیہ رہباب صاحب عالی کدل ، زیارت دستگیر صاحبؒ سرائے بالا، آثار شریف جناب صاحب صورہ، رفیع آباد، سوپور، پنجورہ ، شوپیاں زچلڈار کپوارہ اور دوسری زیارت گاہوں پر بھی عقیدت مندوں کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی تلقین کی۔