عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بلند پایہ ولی کامل قطب آفتاب حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ کا 463 واں سالانہ عرس مبارک نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ وادی میں سب سے بڑی تقریب اُن کی درگاہ واقعہ زیارت مخدوم صاحبؒپر منعقد ہوئی جہاں رات بھر شب خوانی درود ازکار ، ختمات المعظمات کی روح پرور مجلس کا انعقاد ہوا۔، جس کی پیشوائی بقعہ عالیہ کے ختم خوان پیرزاہ الحاج عبدالمجید مخدومی نے کی، اس موقعے پر امام بقعہ پیرزادہ شبیر احمد مخدوم بھی موجو دتھے۔ وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں عقیدت مندوں نے عرس کے دوران حاضری دی۔ عرس کے سلسلے میں علمائے کرام نے زیارت مخدوم صاحب پر ایک پُروقار اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محبوب العالم ولی کامل طریقت ، شریعت ، معارفت اور روحانیت کے امام تھے۔ اُن کا دل مبارک انسانی ہمدردی کے جذبے سے لبریز تھا۔نمازِ ظہر پر مولانا خورشید احمد قانونگو نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ خلوص و ایثار ، سخاوت وسر چشمی ، شفقت و محبت ، عزم وہمت ، صبر واستقلال سادگی وانکساری کے اعلیٰ نمونہ تھے اور اﷲ کے خوف سے ہر وقت لرزاں وترساں رہتے تھے۔ تقریب پر مولانا خورشید احمد قانونگو کی دستار بندی بھی کی گئی۔ نمازِ ظہر کے بعد حسب قدیم مولود خوانی کی مجلس بھی آراستہ ہوئی، جس کی صدارت سجادہ نشین درگاہِ اکملیہ مہدیہ عطاریہ الحاج میر سید شفاعت احمد کاملی جبکہ مولود خوانی کی پیشوائی مولانا شوکت حسین کینگ نے کی۔ اُنہوں نے بھی حضرت سلطان العارفین ؒ کی سیرت کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ صدرِ جمعیت ہمدانیہ حاجی فاروق احمد گانی، جنرل سکریٹری پیرزادہ محمد اشرف عنایتی، خواجہ محمد اشرف عشائی ، میر غلام محمد ساقی اور دیگر جمعیت کے اراکین بھی تقریب پر موجو دتھے۔ ایسی ہی تقریبات جائے پیدائش محبوب العالم تجر شریف سوپور، اہم شریف بانڈی پورہ، اول نشین گاہ مخدوم منڈل کپرن، پور نادی ہل بانڈی پور، اسلام آباد، بارہمولہ، کپوارہ کھاگ ، گاندربل اور دیگر کئی مقامات پر منعقد ہوئیں۔جہاں تبرکات کی نشاندہی بھی کی گئی۔