عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر ست شرما نے کہا ہے کہ درگاہ حضرت بل میں اشوک چکر کی توہین ناقابلِ برداشت عمل ہے اور اس میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے۔سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ست شرما نے کہا کہ اشوک چکر بھارت کی عزت اور سمان کی علامت ہے، جس کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا’یہ وہ نشان ہے جسے ہم اپنا سمان مانتے ہیں۔ اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی اور جن لوگوں نے یہ حرکت کی ہے ان کے خلاف فوری اور سخت کارروائی ہونی چاہئے۔‘وزیراعلیٰ کے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی رہنما نے کہا کہ وزیراعلیٰ کچھ بھی کہہ سکتے ہیں، لیکن اشوک چکر کی توہین کسی بھی حال میں برداشت نہیں کی جا سکتی۔
پی ڈی پی صدر کی جانب سے اس معاملے کو عدالت میں لے جانے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ست شرما نے کہا:’انہیں جانا چاہئے، یہ اچھی بات ہے۔‘بی جے پی رہنما نے مزید کہا کہ ملک کے وقار پر حملہ دراصل قومی یکجہتی کو چیلنج کرنا ہے اور ایسے عناصر کو کسی بھی قیمت پر چھوڑا نہیں جانا چاہئے۔ ست شرما نے کہا کہ اشوک چکر ھندستان کے وقار اور اتحاد کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا:’اگر سرحد پر کھڑا سپاہی یہ نہیں سوچتا کہ وہ کس مذہب یا ذات سے تعلق رکھتا ہے، بلکہ صرف ملک کی عزت کے لئے اپنی جان نچھاور کرتا ہے تو پھر کسی کو یہ حق نہیں کہ قومی سمان کی توہین کرے۔‘بی جے پی رہنما نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں جو ملک کی یکجہتی اور وقار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
حضرت بل میں اشوک چکر کی توہین ناقابل برداشت، ملوث عناصر کو سخت سزا ملنی چاہئے: ست شرما
