مظفر آباد//حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے حزب کے سرکردہ رہنما مرحوم عبدالباری کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے خاندان نے اپنے آبائی وطن جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے تن من دھن سے جدوجہد کرکے بے مثال قربانیوں کی تاریخ رقم کی۔موصوف 25 فروری کو ایک حادثے میں لقمہ اجل بن گئے ۔صلاح الدین حزب کمانڈ کونسل اور جنرل کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کا ایک بھائی عبدالقادر 1998میںکپواڑہ میں ایک معرکے میں جاں بحق ہوا اور2017 میں اُن کا بھانجہ اُسامہ ترال میں فورسز کے ساتھ ایک معرکے میں جاں بحق ہوا۔ بیان کے مطابق عبدالباری کوحزب المجاہدین کے سرکردہ رہنمائوں میں ایک امتیازی حیثیت حاصل تھی۔ انہوں نے کئی ذمہ داریوں پر رہ کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایااوراس وقت نائب ناظم خیبر پختونخوا کی ذمہ داری نبھا رہے تھے۔ مرحوم کا تعلق خوشحال گھرانے سے تھا اور نہ صرف جانی قربانیاں دیکر انہوں نے تحریک کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کیا بلکہ تنظیم کی مالی معاونت میں بھی پیش پیش رہے۔ حزب سربراہ نے اُن کی وفات کو تنظیم کے لئے ایک زبردست نقصان قرار دیا تاہم اس امید کا اظہار کیا کہ مرحوم اور اُن کے خاندان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ اجلاس سے نائب امراء سیف اللہ خالد، کمانڈر شمشیر خان اور تاج علی شاہ نے بھی خطاب کیا اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس میں مرحوم عبدالباری کے حق میں دعائے مغفرت اور اُن کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تحریک آزادی کی جدوجہد پوری قوت سے جاری رہے گی۔