عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
خرطوم// اقوام متحدہ کی عبوری سیکورٹی فورس ایبئی (یو این آئی ایس ایف اے) نے کہا ہے کہ سوڈان اور جنوبی سوڈان کے درمیان تیل کی دولت سے مالا مال علاقے ایبئی میں بین فرقہ وارانہ جھڑپوں میں 52 شہری اور دو امن فوجی مارے گئے ہیں۔یو این آئی ایس ایف اے نے ایک بیان میں ایبئی میں جاری بین فرقہ وارانہ جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ کو اقوام متحدہ کا ایک اور امن فوجی ہلاک ہو گیا ہے ۔اقوام متحدہ کے مشن نے کہا کہ وہ جھڑپوں کی وجہ سے ہلاک، زخمی اور بے گھر ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق کے لیے مقامی حکام کے ساتھ رابطہ کر رہا ہے ۔ اس وقت ہلاک اور زخمی ہونے والے شہریوں کی تعداد بالترتیب 52 اور 64 ہے ۔یو این آئی ایس ایف اے نے شہریوں اور امن فوجیوں کے خلاف ان حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ نیلے ہیلمٹ کے خلاف تشدد بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرم بن سکتا ہے ۔اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ امن کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے ، جس میں شہریوں کو فعال اور مضبوطی سے تحفظ فراہم کرنا، مجرموں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا گیا ہے۔