سرینگر//وسطی ضلع بڈگام کے چارن گام بیروہ علاقے میں نامعلوم اسلحہ برداروںنے ایک گاڑی پر گولیاں چلائی،جس کے نتیجے میں حریت(گ) میں شامل تحریک وحدت اسلامی کا سنیئر رکن محمد یوسف ندیم جان بحق ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ محکمہ بجلی بیروہ میں تعینات محمد یوسف راتھر ساکن سنزی پورہ بیروہ پر پیر کی سہ پہر کو نا معلوم افراد نے اس وقت گولیاں چلائی،جب وہ ایک مسافر بردار گاڑی میں سوار تھے۔ایس ایس پی بڈگام تجندر سنگھ نے ایک شہری کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مہلوک محکمہ بجلی میں کام کرتا تھا،اور حریت کے ساتھ بھی وابستہ تھا۔اس دوران حریت(گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے محمد یوسف ندیم کی ہلاکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا’’مجھے ذاتی طور پر صدمہ پہنچا ہے‘‘۔گیلانی نے ایک بیان میں محمد یوسف ندیم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔