سرینگر/مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں کہا کہ نئی دلی حریت قیادت کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار تھی لیکن جب کل جماعتی وفد اُن سے ملنے گیا تو اُنہوں نے اپنے دروازے بند کرلئے۔
راجناتھ سنگھ نے اس خیال کو مسترد کردیا کہ مرکز، حریت قیادت کے ساتھ مذاکرات کیلئے راضی نہیں ہے ۔
راجناتھ نے کہا”ایسا تاثر پیدا کیا جارہا ہے کہ بھاجپا حریت کے ساتھ بات چیت نہیں کرنا چاہتی ہے۔ لیکن جب کل جماعتی وفد حریت والوں سے ملنے گیا تو اُنہوں نے وفد کیلئے اپنے دروازے بند کرلئے“۔
راجناتھ نے مزید کہا کہ اُنہوں نے ریاست کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو یقین دلایا تھا کہ مرکز ”غیر مشروط“ مذاکرات کیلئے تیار ہے تاکہ وادی کے حالات کو ٹھیک کیا جاسکے۔
وزیر داخلہ نے کہا”اگر علیحدگی پسند بات چیت پر رضامند ہوتے تو شاید ہم نے کوئی رستہ نکالا ہوتا۔میں نے اس وقت کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو کہا تھا کہ اگر وہ (علیحدگی پسند) تیار ہیں تو ہم بھی بلاشرط بات چیت کیلئے تیار ہیں“۔