راجوری //سرحدی علاقہ میں سیکورٹی کو مزید سخت کر تے ہوئے فوج نے گشت میں مزید اضافہ و تیزی لانے شروع کر دی ہے تاکہ صورتحال پر گہری نظر رکھی جاسکے ۔فوج کی جانب سے خصوصی نگرانی کے عمل کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ کسی بھی مشکل صورتحال کےساتھ نمٹا جاسکے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 26فروری کو ہند پاک افواج کے مابین ہوئے سیز فائر معائد ے کے بعد حالیہ کچھ عرصہ میں ملی ٹینٹوں کی جانب سے کی جانے والی دراندزی کی کوششوں میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔راجوری ضلع میں جولائی ماہ میں مستعد سیکورٹی فورسز نے دراندزی کی دو کوششوں کا ناکام بنایا جبکہ 2مختلف وارداتوں میں 3ملی ٹینٹ بھی ہلاک ہوئے ہیں ۔سیکورٹی فورسز نے حدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ راجوری ضلع کے تھنہ منڈی علاقہ میں ہلاک ہوئے ملی ٹینٹوں کا تعلق دراندزی کرنے والے ایک گروپ کےساتھ تھا جو کہ حدمتارکہ سر در اندزی کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کا جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ حدمتارکہ پر سیکورٹی کو مزید سخت کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناپاک کوشش کو ناکام بنایا جاسکے ۔انہوں نے بتایا کہ تازہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے سرحدی علاقوں میں مزید چوکسی برتنا شروع کر دی ہے ۔انہو ں نے مزید کہاکہ نگرانی کے طریقہ کار کو مزید مضبوط کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرحدی علاقہ میں تعینات تمام فوجی یونٹوں کو جدید آلات و نگرانی نظام فراہم کیا گیا ہے ۔