جموں+راجوری //حد متارکہ پر ہندوپاک کے درمیان جاری کشیدگی کے بیچ بین الاقوامی سرحد پر بھی دونوں ممالک کی افواج میں فائرنگ کاسلسلہ شرو ع ہوا جس کے نتیجہ میں بی ایس ایف کا ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ ہلاک جبکہ راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں دو اہلکار زخمی ہوئے۔دفاعی ترجمان نے بتایاکہ پاکستانی فوج کی طرف سے بین الاقوامی سرحد پر سانبہ اور حد متارکہ پر راجوری کے سندربنی سیکٹروں میں فائرنگ اور گولہ باری کی گئی ۔ صبح 10بج کر 50منٹ پر بی ایس ایف اہلکار سرحد پر ڈیوٹی دے رہے تھے کہ پاکستانی سنائپر نے ونے پرساد اسسٹنٹ کمانڈنٹ کو نشانہ بنایا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوا اور پھر بعد میں علاج کے دوران اس نے دم توڑ دیا ۔
بی ایس ایف ترجمان کے مطابق ایک اہلکار کی ہلاکت ہوئی ہے اور ڈی جی بی ایس ایف اور دیگر افسران اور اہلکاران اس کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں ۔دریں اثناء راجوری اورپونچھ میں مختلف مقامات پر شدیدفائرنگ اور گولہ باری ہورہی ہے جس کے نتیجہ میں دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔حد متارکہ پرسندربنی میں صبح 10بجے فائرنگ اور گولہ باری شروع ہوئی جس کے نتیجہ میں دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔مقامی ذرائع نے بتایاکہ اس سیکٹر میں شدید گولہ باری ہورہی ہے اور دونوں طرف سے چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیاجارہاہے ۔صبح کے بعد شام پانچ بجے بھی فائرنگ اور گولہ باری ہوئی جو آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھی ۔اس کشیدگی کے نتیجہ میں لانس نائیک رینک کا ایک آرمی اہلکار اور ایک بی ایس ایف اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن کو فوری طور پر آرمی ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں بی ایس ایف اہلکار کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ نوشہرہ کے کلال سیکٹر میں منگل کے روز تین مرتبہ فائرنگ اور گولہ باری ہوئی ۔
اسی طرح سے مینڈھر کے منکوٹ ، بالاکوٹ اور کرشنا گھاٹی سیکٹر میں شام چھ بجے سے فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے اور منکوٹ سیکٹر میں کم سے کم چھ مارٹر گولے رہائشی آبادی والے علاقوں میں بھی آن گرے جس سے اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیںہوامگر مقامی آبادی سہم کر رہ گئی ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلے لگ بھگ دو ہفتوں سے حد متارکہ پر حالات کشیدہ ہیں جس کے نتیجہ میں ایک میجر ، ایک پورٹر اور ایک اہلکار کی ہلاکت ہوچکی ہے جبکہ متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں تاہم رواں برس پہلی مرتبہ بین الاقوامی سرحد پر کشیدگی دیکھی گئی ہے۔واضح رہے کہ کشیدگی کے لحاظ سے سال 2018بھی کافی خطرناک رہاہے جس دوران 2ہزار 936مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کی گئیں جواس حوالے سے پچھلے پندرہ برسوں کا ریکارڈ ہے ۔