سرینگر//حد بندی کمیشن منگل کوجموں وکشمیر کے چار روزہ دورے کے اپنے پہلے پڑاﺅ کے سلسلے میں سرینگر پہنچ گیا۔کمیشن میں چیئرپرسن کے علاوہ چیف الیکشن کمیشن ششیل چندر اور جموں وکشمیر کے اسٹیٹ الیکٹورل آفیسر کے کے شرما شامل ہیں۔
کمیشن کا وفد آج دوپہر کو جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں بشمول نیشنل کانفرنس، پیپلز کانفرنس، کانگریس، جموں وکشمیر اپنی پارٹی، نیشنل پینتھرس پارٹی اور دیگر چھوٹی سیاسی جماعتوں کے وفود سے سرینگر میں ملاقات کر رہا ہے۔
حد بندی کمیشن 7 جولائی کو جنوبی کشمیر کے ڈاک بنگلو، پہلگام میں پلوامہ، شوپیان، اننت ناگ اور کولگام کے ضلع کمشنرز، جو متعلقہ ڈسٹرکٹ الیکشن افسر بھی ہیں، کے ساتھ میٹنگ کرے گا۔
جموں صوبے کے کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن کے افسران سے 8 جولائی کو جب کہ جموں، سانبہ، کٹھوعہ، ریاسی، راجوری اور پونچھ کے ساتھ جموں میں ایک نجی ہوٹل میں ملاقات کریں گے۔
متعلقہ ضلع ڈسٹرکٹ الیکشن افسران کو کہا گیا ہے کہ وہ حد بندی کے لئے ضروری مواد اور دستاویزات اس میٹنگ میں دستیاب رکھیں۔