بانڈی پورہ //حاجن بانڈی پورہ میں جنگجوئوں کی تلاش میں آئے سیکورٹی فورسز کو ایک مرتبہ پھر لوگوں کی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جس دوران طرفین کے مابین شدید نوعیت کی پر تشدد جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں ایک خاتون چھروں کی زد میں آکر زخمی ہوگئی۔ پولیس کے ایس او جی ، فوج کی13 آر آراور سی آر پی ایف 45 بٹالین سے وابستہ اہلکاروں نے پیر کی صبح حاجن کے بونہ محلہ کو 3جنگجوئوں کی موجودگی پرگھیرے میں لیا۔جونہی فورسز اہلکاروں نے جنگجوئوں کی تلاش میں گھر گھر تلاشی کا آغاز کیا تو لوگ گھروں سے باہر آکر احتجاج کرنے لگے ۔فورسز نے جب انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی تو لوگ مشتعل ہوئے۔ مظاہرین کو تتر بتر کرنے کیلئے پہلے لاٹھی چارج کیا گیا اور اشک آور گیس کے گولے داغے گئے تاہم بعد میں پیلٹ چلائے گئے۔جھڑپوں کے بیچ ہی خواتین کی ایک بڑی تعداد جلوس کی صورت میں سڑکوں پر نکل آئی اور انہوں نے آزادی اور جنگجوئوں کے حق میں نعرے بازی کی۔جھڑپوں کے دوران ایک خاتون کی دونوں ٹانگوں میں متعدد پیلٹ لگے اور اسے فوری طور پر کیمونٹی ہیلتھ سینٹر حاجن منتقل کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے حاجن کے چندرگیر علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ خونین تصادم آرائی میں لشکر طیبہ سے وابستہ6غیر مقامی جنگجو مارے گئے۔