سرینگر // جموں و کشمیر بینک کی طرف سے بدھ کو شہر سرینگر کے کوروناوائرس متاثرہ علاقوںمیں اشیائے خوردنی کو تقسیم کیا گیا جس میں چاول، آٹا، دالیں اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔ بینک کے زونل ہیڈ کشمیر سینٹرل (1) سید رئیس مقبول کی نگرانی میں تقسیم کاری کو عمل میں لایا گیا جس کیلئے برانچ منیجروں اور کلسٹردفتروں نے مستحقین کی نشاندہی کی تھی۔نائد یار، مہجور نگر، شہر خاص اور شالیمار علاقوں میں رہائش پذیرغرباء کے علاوہ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے مزدوروں میں بھی اشیائے خوردنی کو تقسیم کیا۔اس موقع پر زونل ہیڈ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے کا سب سے بڑا مالی ادارہ ہونے کے ناطے یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ مستحقین کا خیال رکھا جائے ۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر کی ہدایت پر ہم نے آج تک لگ بھگ دو سو کنبوں میں اشیائے خوردنی کو مفت تقسیم کیا۔تقسیم کاری کے اس عمل سے مستفید افراد نے بینک کی ان کاوشوں کی سراہنا کی۔ دریں اثناء چاڈورہ ضلع کے ڈاڈہ اومپورہ میں بینک نے اے ٹی ایم چالو کیا تاکہ برانچ میںگاہکوں کا رش کم کیا جا سکے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔اس اے ٹی ایم کو چالو کرنے کے موقع پر زونل ہیڈ سید شجاع حسین اندرابی نے کہا کہ مناسب مقامات پراے ٹی ایم نصب کرنے میں تیزی لائی جا رہی ہے اور لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ سماجی دوری کا خاص خیال رکھیں۔