۔ 2030کیلئے 5لاکھ کروڑ کاروبار کا ہدف مقرر
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جے کے بینک نے کل ایس کے آئی سی سی میں اپنے حصص یافتگان کی 87 ویں سالانہ جنرل میٹنگ (AGM) منعقد کی، جس دوران مالی سال 2024-25 کے لیے 215 فیصد منافع (ڈویڈنڈ) کا اعلان کیا گیا۔ یہ مسلسل تیسرے سال ہے جب بینک نے حصص یافتگان کو شاندار کارکردگی کے بدلے نوازا۔میٹنگ کی صدارت بینک کے ایم ڈی و سی ای او امیتاوا چٹرجی نے کی جبکہ فنانس پرنسپل سیکریٹری سنتوش ڈی ویدیا (آئی اے ایس) نے اکثریتی حصص یافتہ و پروموٹر یعنی جموں و کشمیر حکومت کی نمائندگی کی۔اس موقع پر پرنسپل سیکریٹری فنانس نے کہا کہ حصص یافتگان اور گاہکوں کا اعتماد ہی بینک کی سب سے بڑی طاقت ہے، اور زور دیا کہ بینک کو کسٹمر فوکس، ریگولیٹری کمپلائنس، سرمایہ مضبوطی، تکنیکی اپ گریڈیشن اور بزنس توسیع پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے پہلگام حملے سے پیدا چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بینک کو مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔اپنے خطاب میں ایم ڈی و سی ای او امیتاوا چٹرجی نے بتایا کہ 2024-25 بینک کے لیے تاریخی سال رہا، جس میں ریکارڈ منافع، ڈبل ڈیجٹ ڈپازٹس و ایڈوانسز میں اضافہ اور اثاثوں کے معیار میں نمایاں بہتری حاصل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اب 92 فیصد سے زیادہ لین دین ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ہو رہا ہے۔انہوں نے آئندہ پانچ سالہ منصوبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2030 تک بینک کا ہدف پانچ لاکھ کروڑ روپے کا بزنس اور 5 ہزار کروڑ روپے سالانہ خالص منافع حاصل کرنا ہے۔