سرینگر// نیشنل انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی (NIT) سرینگر میں جے کے بینک کی جدیدہائی ٹیک برانچ عمارت اور دو نئے اے ٹی ایم کا افتتاح کر تے ہوئے بینک نے اس قومی انجینرنگ کالج کے ساتھ ایک دستاویز مفاہمت پر بھی دستخط کئے اور اپنے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری مشن کے تحت 60 یو پی ایس اور ایک واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو بھی کالج کے نام وقف کیا۔ پانی کی صفائی کا پلانٹ، نئی بینک عمارت اور دو ATM کا افتتاح بینک کے چیئرمین اور سر پرست پرویز احمد اور این آئی ٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راکیش سہگل نے مشترکہ طور کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پربینک کے ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ آر کے چھبر، کالج کے رجسٹرار ڈاکٹر ایس کے بخاری ، بینک کی کشمیر سنٹرل زونل ہیڈ تبسم نظیر، وائس پریزیڈنٹ سشیل گپتا، کلسٹر ہیڈ فیاض احمد ملک، کالج کی سینئر فیکلٹی، متعدد طلباء و طالبات اور بینک کے دوسرے کئی افسراں موجود تھے۔ دونوں اداروں کے مابین آپسی معاہدہ پر کالج کی جانب سے رجسٹرار اور بینک کی جانب سے زونل ہیڈ کشمیر سنٹرل نے دستخط کئے جس میں انسٹی چیوٹ کے ملازمین کو ترجیحی گاہکوں کا درجہ دیا گیا جس کے تحت وہ بینک کی طرف سے کافی ساری مراعات اور متعدد سہولیات حاصل کرسکتے ہیں ۔بینک کی طرف سے منعقد ایک شاندار تقریب پر ایک پاور پوائنٹ پریزننٹیشن بھی دکھائی گئی جس میں بینک کی جانب سے فراہم بہت ساری سہولیات، مراعات اور فون پہ لون سکیم کے بارے میں تفصیلات شامل تھیں۔ چیئرمین پرویز احمد نے اس موقع پر اپنی تقریر میں کہا کہNIT سرینگر کا شمار جہاں ملک کے صفِ اول کے بیس انجینئرنگ کالجوں میں ہوتا ہے وہیںجموں و کشمیر بینک نہ صرف ریاست کا صفِ اول کا بینک ہے بلکہ ملک میں بھی ایک خاص مقام رکھتا ہے۔یہ انسٹی چیوٹ جہاں ریجنل کالج سے ایک قومی کالج بنا ہے وہاں جے اینڈ کے بینک بھی ریجنل درجے سے کافی آگے بڑھ کر ایک ایساگرانقدر بینک بن گیا ہے جو ہمہ وقت ریاست کے معاشی، تکنیکی، تعلیمی اور سماجی میدانوں میں سر گرم عمل ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ بینکنگ اور تعلیمی شعبوں میں رابطہ ہو تو کئی خواب دیکھے جا سکتے ہیں اور جے کے بینک اس سمت اپنا بھر پور تعاون دینے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے کالج کو ایک ایمبولنس دینے کا بھی وعدہ کیا اور آیندہ کالج کے امتیازی پوزیشن حاصل کر نے والے طالب علموں کو جے کے بینک گولڈ میڈل دینے کا بھی ارادہ جتلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک سٹارٹ اَپ کلچر پیدا کرنا ہوگا جس کے لئے جے کے بینک اس کالج کو ہر ممکن تعاون پیش کریگا جس سے یہاں کے بے روز گار نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع فرہم ہونگے۔ ڈایئریکٹرNIT ڈاکٹر راکیش سہگل نے جے کے بینک کی سماج کے تئیں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ جے کے بینک جیسا ادارہ اس قدر وسیع قلب ہے کہ انہوں نے جدید طرز کی عمارت کے ساتھ ساتھ دو اے ٹی ایم، واٹر ٹریٹ منٹ پلانٹ، کئی کوڑے دان اور 60یو پی ایس ایک ساتھ اس کالج کو فراہم کئے۔