سری نگر //جموں کشمیر بنک کے چئیر مین پرویز احمد نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ پرویز احمد نے گورنر کو زراعت ، باغبانی ، دستکاری ، خاطر تواضع اور سیاحت ، پولٹری ، بھیڑ و پشو پالن اور دیگر سیکٹروں کے فروغ کیلئے بنک کی جانب سے فراہم کئے جانے والے قرضوں اور ھصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے کہا کہ بنک نے اس سلسلے میں 20 فیصد اضافہ درج کیا ہے اور بنک پردھان منتری مدرا یوجنا کے تحت مرکزی سرکار کی فلیگ شپ سکیموں کو عملانے میں پیش پیش ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنک نے گذشتہ مالی سال کے دوران 83 ہزار سے زیادہ مستحقین میں 1540.00 کروڑ روپے کی رقم فراہم کی ۔ بنک موجودہ مالی سال کے دوران اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے ارادے سے 200 مزید بزنس یونٹ کھولنے کا منصوبہ رکھتا ہے اور جموں و سرینگر میں خواتین کیلئے مخصوص بزنس یونٹ کھولے جا رہے ہیں ۔ لداخ خطے میں حائل جغرافیائی رکاوٹوں کے پیش نظر بنک نے لیہہ کے 111 دیہات کو جوڑنے کیلئے ایک پائیلٹ پروجیکٹ متعارف کیا ہے جس کے تحت 34 چھوٹی برانچوں کو کھولا گیا ہے جو ستمبر 2018 تک باضابطہ کام شروع کریں گی ۔ بنک نے گذشتہ مالی سال کے دوران 2240 کروڑ روپے کی رکوری کی ہے اور مالی سال 2017-18 کے دوران 202 کروڑ روپے کا منافع درج کیا ہے ۔ چئیر مین موصوف نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ بنک نے مخصوص عمودی سٹارٹ اپ قایم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے کار خانہ داری کے خواہشمند افراد کو ایک ہی جگہ تمام سہولیات دستیاب رہیں گی ۔ بنک نے مردوں اور خواتین کیلئے انڈسٹری ۔ اکیڈیمیا شراکتداری کو فروغ دینے کے اقدمات بھی کئے ہیں ۔ جموں کشمیر بنک کی کارکردگی کی سراہنا کرتے ہوئے گورنر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی مجموعی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں بنک کا ایک کلیدی رول بنتا ہے ۔ انہوں نے پرویز احمد سے تلقین کی کہ وہ ہر محاذ پر بنک کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے اقدامات کریں ۔