سرینگر //آل انڈیا جے اینڈ کے بنک آفیسرز فیڈریشن نے ریاستی انتظامی کونسل کی طرف سے جموں وکشمیر بنک کو پبلک سیکٹر بنک میں تبدیل کئے جانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کی خاطر 28نومبر 2018کو ایک اہم میٹنگ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آل انڈیا جے اینڈ کے بنک آفیسرز فیڈریشن نے ریاستی گورنر کی قیادت میں انتظامی کونسل کی منعقدہ میٹنگ میں جموں وکشمیر بنک کو پبلک سیکٹر بنک میں تبدیل کرنے پر اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ افسران نے جموں وکشمیر بنک کو مرکز کی ملکیت قرار دینے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کی خاطر 28نومبر 2018کو ایک اہم میٹنگ طلب کی ہے۔ ملک بھر کی ریاستوں میں قائم جموں وکشمیر بنک سے وابستہ افسران میٹنگ میں شرکت کریں گے جس دوران ریاستی انتظامی کونسل کی طرف سے جموں وکشمیر بنک سے متعلق لیے گئے فیصلے پر غور وفکر کیا جائے گا۔ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق فیڈریشن نے گورنر انتظامیہ کے فیصلے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے میٹنگ کے دوران دیگر ممبران کے ساتھ آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دینے کا من بنالیا ہے۔