عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا، جو 2 دن کے لئے جموں میں تھے، نے بی جے پی ہیڈ کوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں کے احاطے میں واقع نانا جی دیشمکھ لائبریری کا دورہ کیا۔جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینہ، پی ایم او میں مرکزی وزیر، ڈاکٹر جتیندر سنگھ، بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور جے اینڈ کے پربھاری، ترون چْگ، بھی جے پی نڈا کے ساتھ لائبریری کے دورے کے دوران تھے۔پروفیسر (ڈاکٹر) کلبھوشن مہترا، انچارج لائبریری نے جے پی نڈا اور دیگر قائدین کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے پارٹی کے قومی صدر کو ’جموں ریجن میں دہشت گردی اور پراکسی وار‘ اور ’قربانیوں کی کہانی‘پرجا پریشد‘کے عنوان سے کتابیں بھی پیش کیں۔پروفیسر کلبھوشن مہترا نے جے پی نڈا کو لائبریری کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسے نانا جی دیش مکھ، ایک عظیم نظریاتی، سابق قومی جنرل سکریٹری کو وقف کیا گیا ہے۔ لائبریری میں مختلف موضوعات پر 3000 سے زائد کتابوں کا ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لائبریری میں پرجا پریشد ایجی ٹیشن اور جموں و کشمیر کے کئی دیگر تاریخی واقعات/لمحات پر کتابیں موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لائبریری میں دستاویزات کا شعبہ ہے جس نے بہت سے پرانے دستاویزات کو ڈیجیٹل طور پر محفوظ کر رکھا ہے۔ لائبریری کی ٹیم نے جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں سابق فوجیوں سے تاریخی اہمیت کی پرانی تصاویر اکٹھی کرنے کا کام کیا ہے اور انہیں لائبریری کے ساتھ ساتھ پارٹی ہیڈکوارٹر کے دیگر حصوں میں بھی نصب کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ ’’ملک میں بی جے پی کی لائبریریوں میں سے ایک بہترین لائبریری جموں میںہے اور پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کے علاوہ، علماء ، طلباء ، ماہرین تعلیم، اپنی پسند اور ضرورت کے مطالعہ کے مواد کے لئے لائبریری آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایل ای ڈی بھی لائبریری میں فکس کیا گیا ہے، جو پارٹی رہنماؤں کی زندگی پر ویڈیوز اور جموں و کشمیر کے محب وطن شہریوں کی عظیم قربانیوں پر دستاویزی فلمیں چلاتا ہے جنہوں نے قوم کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کیں۔