نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی کانفرنس سے وزیر اعظم کا خطاب
یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز عدلیہ پر زور دیا کہ وہ قانونی مدد کے منتظر مختلف جیلوں میں بند زیر سماعت قیدیوں کی رہائی میں تیزی لائے۔ پہلی آل انڈیا ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ انصاف کی آسانی اتنی ہی اہم ہے جتنا کاروبار کرنے میں آسانی اور زندگی گزارنے میں آسانی پیدا کرنی ہے۔وزیراعظم نے کہا ’’جیلوں میں کئی زیر سماعت قیدی قانونی امداد کے منتظر ہیں،ہماری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹیز زیر سماعتوں کو قانونی مدد فراہم کرنے کی ذمہ داری اٹھا سکتی ہیں،‘‘ ۔مودی نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے ضلعی ججوں پر زور دیا کہ وہ ضلعی سطح کی زیر سماعت جائزہ کمیٹیوں کے چیئرپرسن کے طور پر اپنے دفاتر کا استعمال کرتے ہوئے زیر سماعت قیدیوں کی رہائی کو تیز کریں۔وزیر اعظم نے نوٹ کیا کہ نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی نے اس معاملے میں ایک مہم شروع کی ہے اور بار کونسل آف انڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ اس کوشش کے ساتھ مزید وکلاء کو جوڑیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے عدالتی شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی توسیع کو تیز کیا ہے اور ہندوستان میں زندگی اور کاروبار کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ انصاف میں آسانی بھی ضروری ہے۔مودی نے انصاف کے انتظار میں جیلوں میں زیر سماعت قیدیوں کامعاملہ عدلیہ کے سامنے ایک بارپھراٹھایا اور ضلعی ججوں سے کہا کہ وہ اسے حل کرنے کی کوششیں تیز کریں اور اس معاملے کو ایک مہم کے طور پر دیکھیں۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا انعقاد ہے جس میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا، جسٹس یو یو للت، ڈی وائی چندر چوڑ، وزیر قانون کرن رجیجو اور ریاستی وزیر ایس پی بگھیل، سپریم کورٹ کے دیگر ججز، ہائی کورٹس کے چیف جسٹس، ریاستی سطح کی قانونی خدمات کے اتھاریٹی کے چیئرمین اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹیز کے چیئرمین شامل تھے۔وزیر اعظم نے کہا’’یہ آزادی کے امرت کال کا وقت ہے، یہ ان قراردادوں کا وقت ہے جو اگلے 25 سالوں میں ملک کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے، ملک کے اس امرت سفر میں ایز آف ڈوئنگ (کاروبار کرنے میں آسانی) اورایز آف لیونگ (زندگی کی آسانی) کی طرح ہی ایز آف جسٹس (انصاف میں آسانی) بھی اتنا ہی ضروری ہے‘‘۔مودی نے کہا کہ سماج میں عدالتی فیصلے دینا جتنا ضروری ہے، اتنا ہی ضروری ہے کہ ہر شخص کو آسانی سے انصاف ملے۔ عدالتی نظام تک لوگوں کی رسائی آسان ہو۔ انہوں نے کہا ’’سماج میں عدالتی نظام تک لوگوں کی رسائی کو آسان بنانے میں لوگوں کو انصاف دلانے میں عدالتی شعبے میں بنیادی سہالیات کا تعاون اہم ہے‘‘۔انہوں نے کہا، ‘گزشتہ آٹھ برسوں میں ملک کے عدالتی نظام کے لیے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کو مضبوط بنانے کے لیے تیزی سے کام ہوا ہے۔ ای کورٹس مشن کے تحت ملک میں ڈیجیٹل عدالتیں شروع کی جا رہی ہیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جیسے جرائم کے لیے 24 گھنٹے چلنے والی عدالتوں نے کام شروع کر دیا ہے۔ عوام کی سہولت کے لیے عدالتوں میں ویڈیو کانفرنسنگ کے انفراسٹرکچر کو بھی بڑھایا جا رہا ہے۔