سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر میںملی ٹینسی کے نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جاری مہم کے تحت پیر کو راجوری ضلع جیل، جو ڈھانگری علاقے میں واقع ہے، میں ایک بڑے پیمانے پر اچانک تلاشی اور معائنہ مہم چلائی گئی۔ یہ کارروائی جموں و کشمیر پولیس، جیل حکام، اور سی آئی ڈی (سی آئی) ونگ کی مشترکہ نگرانی میں ایک ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں انجام دی گئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق، پولیس، سی آئی ڈی اور مرکزی نیم فوجی دستوں پر مشتمل ٹیموں نے جیل حکام کے تعاون سے جیل کے ہر حصے کی تفصیلی تلاشی لی تاکہ کسی مشتبہ سرگرمی یا ممنوعہ مواد کا پتہ لگایا جا سکے۔ بتایا گیا ہے کہ راجوری جیل میں اس وقت متعدد ایسے قیدی زیرِ حراست ہیں جن پر ملی ٹینسی سے متعلق مقدمات درج ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ جیل کے اردگرد کے علاقوں میں بھی ’ایریا ڈومینیشن آپریشن‘ انجام دیا گیا تاکہ بیرونی سیکورٹی کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی ممکنہ بیرونی رابطے یا خطرے کو ختم کیا جا سکے۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں سیکورٹی فورسز نے اپنی کارروائیوں میں غیر معمولی شدت پیدا کر دی ہے۔ یہ سب ایک وسیع تر حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصدملی ٹینسی کے نیٹ ورک اور اس سے وابستہ سرگرمیوں کو ختم کرنا ہے۔اطلاعات کے مطابق، حالیہ دنوں میں سیکورٹی ایجنسیوں نے متعدد مقامات پر چھاپے مارے ہیں، جن میں ملی ٹینٹوں کے ہمدردوں، ’اوور گراؤنڈ ورکرز‘اور لائن آف کنٹرول کے اْس پار سرگرم ملی ٹینٹ گروہوں کے مقامی ساتھیوں کے گھروں کی تلاشی شامل ہے۔حکام کے مطابق، اس نوعیت کی کارروائیاں ایک مسلسل مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد جموں و کشمیر میںملی ٹینسی کے ڈھانچے، اس کے مالی و افرادی نیٹ ورک، اور اس کے معاون عناصر کو مکمل طور پر بے اثر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ خطے میں پائیدار امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔