سرینگر// فریڈم پارٹی نے شبیر احمد شاہ سمیت جملہ سیاسی قیدیوں کی حالت زار پر انتہائی فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کی جمہور نواز سیول سوسائٹی اور دنیا کی انصاف پسند اقوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تعصب کی عینک اتار کر کشمیراور کشمیریوں کی طرف اپنی توجہ مبذول کرےں۔پارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شبیر احمد شاہ کو رواں برس جوالائی میں گرفتار کرنے کے بعد فرضی کیسوں کا سہارا لیکر بد نام زمانہ تہار جیل میں مقید رکھا گیا ہے جہاں اُنہیں کسی بھی طرح کی کوئی طبی سہولیت فراہم نہیں کی جارہی ہے۔شبیر شاہ ، جو پہلے ہی متعدد افراض میں مبتلاءتھے، کی جسمانی تکالیف میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور اگر اُنہیں فوری طبی امداد فراہم نہیں کی گئی تو اُن کی زندگی کو خطرہ لاحق ہونے کا قومی امکان موجود ہے۔پارٹی بیان میں کہا گیا ہے کہ شبیر شاہ کے علاوہ الطاف احمد شاہ،ایاز اکبر،پیر سیف اللہ،نعیم احمد خان،شاہد الاسلام،فاروق احمد ڈار،معراج الدین کلوال،جاوید احمد ،کامران یوسف اور ظہور احمد وٹالی انتہائی کٹھن حالات سے دوچار ہیں ۔پارٹی نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں ایمنسٹی انٹرنیشنل ،ہیومن رائٹس واچ وغیرہ سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری قیدیوں کو اُن کے حقوق دلانے میں اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں نیز سیاسی قیدیوں کی باعزت رہائی کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں۔