نئی دہلی//تمام قیدیوں اور ان کے ملاقاتیوں کو اب مرکزی حکومت کے تازہ اقدام کے بعد آدھار کی توثیق کرانی ہوگی تاکہ قیدیوں کی حفاظت اور محفوظ حراست کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں مستحق فوائد کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔تمام ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ کو بھیجے گئے ایک مواصلت میں مرکزی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ نیشنل انفارمیٹکس سنٹر اور ePrisons ٹیم نے جیل کے قیدیوں اور ان کے آدھار سے لنک کرنے یا آدھار کی تصدیق کے لیے ایک معیاری آپریٹنگ پروسیجر (SOP) دستاویز تیار کی ہے۔اس نے کہا”اس کے مطابق ریاست / یوٹیز جیل کے حکام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ جیل کے قیدیوں کے آدھار کی تصدیق کی سہولت کا استعمال کریں تاکہ قیدیوں کی محفوظ حراست کو مضبوط بنایا جاسکے اور ساتھ ہی ساتھ مستحق فوائد کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے‘‘۔ تاہم، وزارت داخلہ نے کہا کہ ایسا کرتے ہوئے، جیل حکام آدھار کی توثیق کے استعمال سے متعلق تمام متعلقہ رہنما خطوط پر عمل کریں گے جیسا کہ مرکزی حکومت نے وقتا فوقتا طے کیا ہے۔اس سال کے شروع میں، مرکزی وزارت داخلہ کو جیل کے قیدیوں اور ان کے ملاقاتیوں کے آدھار کی تصدیق کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔اس کے مطابق وزارت نے بالترتیب 6 مارچ اور 29 ستمبر کو مطلوبہ گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کیا، جس میں یہ مطلع کیا گیا کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے جیل محکموں کو جیل کے قیدیوں اور ان کے ملاقاتیوں کی آدھار تصدیق کرنے کی اجازت ہے۔