اشتیاق ملک
ڈوڈہ //گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں زیر تعلیم ایم بی بی ایس کے طلباء و طالبات نے ناقص انتظامات کو لے کر جی ایم سی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اس دوران انہوں نے اپنی کلاسز کا بھی مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے ادارے میں انہیں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔احتجاجی مظاہرہ میں شامل طلاب کا کہنا ہے کہ کالج کے احاطے میں پینے کے صاف پانی کی سخت قلت ہے جبکہ بجلی کا بھی کوئی شیڈول نہیں ہے اور نہ ہی کالج کے اطراف چاردیواری لگائی گئی ہے جس کی وجہ سے انہیں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کو متعدد بار متعلقہ حکام کی نوٹس میں لایا گیا لیکن ہر بار یقین دہانیوں کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوا۔انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر ان کی جائز مانگوں و باالخصوص بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے گئے تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔اس دوران پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ ڈاکٹر پوجا وشیش نے کہا کہ کالج ابھی ابتدائی مراحل میں ہی ہے اس کے باوجود جی ایم سی انتظامیہ طلباء و طالبات کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی پوری کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تمام کمیوں کو دور کیا جائے گا۔