عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے جمعہ کو’جی ایس ٹی (ترمیمی) بل 2025 ‘کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ یہ بل 2017 کے موجودہ جی ایس ٹی ایکٹ (قانون نمبر V آف 2017) میں ترمیم کے لیے پیش کیا گیا تھا۔وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے یہ بل ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ترمیم کا مقصد ریاست میں جی ایس ٹی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور ہم آہنگ بنانا ہے تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو سہل بنایا جاسکے اور محصولات کی وصولی میں بہتری لائی جا سکے۔بل کو آواز کی ووٹنگ کے ذریعے متفقہ طور پر منظور کیا گیا جس پر اسپیکر نے ایوان کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا۔ اس ترمیمی بل کی منظوری کو ریاست میں مالیاتی نظم و نسق کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔