نئی دہلی//جی -20ملکوں کے وزرائے زراعت نے کورونا وائرس کی وبا کے خطرے کے پس منظر میں خوراک کے ضیاع اور نقصان سے بچنے کے لئے ، بین الاقوامی سطح پر تعاون کرنے اور سرحدوں کے پار بھی خوراک کی فراہمی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کا عزم کیا ہے ۔جی 20 ممالک نے خوراک کی حفاظت اور تغذیہ کے لئے مل کر کام کرنے ، سیکھنے کے بہترین طریقوں اور تجربات کا اشتراک کرنے ، اور تحقیق ، سرمایہ کاری ، ایجادات اور اصلاحات کو فروغ دینے کا عزم کیا جو زراعت اور خوراک کے نظام کی پائیداری اور لچک کو بہتر بنائے گے ۔ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقدہ اس میٹنگ میں ، مرکزی وزیر برائے زراعت اور کسان بہبود ، دیہی ترقی اور پنچایت راج ، نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس بحران سے نمٹنے کے لئے اتحادی ممالک میں سب سے آگے ہیں اور ملک کے شہریوں کی ضروریات کے مطابق وزارت زراعت بھی کسی سے پیچھے نہیں ہے ۔مسٹر تومر نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ عالمی وبا کے خلاف یکجہتی کے ساتھ لڑیں۔