عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو جھوٹی اور من گھڑت معلومات فراہم کرنے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کر کے پندرہ دن کی احتیاطی حراست میں بھیج دیا ہے۔پولیس کے مطابق زمرات حسین ولد جمال دین سکنہ بہرام گلہ سرنکوٹ نے یہ جھوٹی اطلاع دی تھی کہ اس کا بھتیجا ایک پستول رکھتا ہے۔ تاہم، پولیس کی جانب سے کی گئی مکمل تصدیق کے بعد یہ اطلاع بے بنیاد، غلط اور گمراہ کن پائی گئی۔پونچھ پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مذکورہ شخص کا یہ عمل جان بوجھ کر عوامی امن میں خلل ڈالنے، حکام کو گمراہ کرنے اور غیر ضروری تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش تھا۔ اس طرح کے اقدامات نہ صرف امن و امان کے لئے خطرہ ہیں بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے قیمتی وسائل کا ضیاع بھی کرتے ہیں۔پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ شخص کے خلاف بھارتیہ شہری سْرکشا سنہیتا (BNSS) کی دفعات 128/129/170 کے تحت مقدمہ درج کیا اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس سرنکوٹ کے حکم پر اسے 15 دن کے لئے ضلع جیل پونچھ میں بند کر دیا گیا ہے۔پونچھ پولیس نے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹی یا گمراہ کن معلومات پھیلانے یا قانونی کارروائی کے غلط استعمال کی کسی بھی کوشش کو سختی سے نمٹا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔