رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے جھنگڑ سیکٹر میں سرحد پار سے بھیجی گئی منشیات کی بڑی کھیپ ضبط کر لی گئی۔ فوج اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔سوموار کی صبح نوشہرہ کے جھنگڑسیکٹر کے شیر مکڑی سرحد پر فوج کی جنگڑ بٹالین نے کارروائی کرتے ہوئے ساڑھے پانچ کلو منشیات برآمد کی۔ فوج کی مستعدی کی وجہ سے یہ کوشش ناکام بنا دی گئی، جو کہ سرحد پار سے غیر قانونی طریقے سے بھیجی گئی تھی۔فوج کی جانب سے گرفتارکئے گئے دو افراد کی شناخت ساجن کمار اور صبح چندر کے طور پر ہوئی ہے، جو مکڑی شیر اور کنیڈ کے رہائشی ہیں۔ دونوں افراد کو فوری طور پر نوشہرہ پولیس کے حوالے کیا گیا، جہاں ان سے سختی کے ساتھ تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اس منشیات کے کاروبار میں اور کتنے لوگ ملوث ہیں اور کیا یہ ایک بڑا نیٹ ورک ہے۔پولیس افسران نے بتایا کہ دونوں ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔ ایک پولیس اہلکار نے کہا،کہ ’’ہم ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس منشیات کے دھندے کا پورا نیٹ ورک بے نقاب ہو سکے۔ یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا‘‘۔جھنگڑ سیکٹر میں اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے فوج اور پولیس کی بروقت کارروائی کی تعریف کی ہے لیکن ساتھ ہی مطالبہ کیا ہے کہ منشیات کے اس غیر قانونی کاروبار کو جڑ سے ختم کیا جائے تاکہ علاقے کے نوجوانوں کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد مختلف طریقوں سے دیگر ملوث افراد کا سراغ لگانے کیلئے وسیع پیمانے پر کوششیں کی جارہی ہیں ۔