عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جون سے 9 جولائی تک تقریباً40روز میں جموں و کشمیر میں بارش کے انداز میں نمایاں علاقائی فرق دیکھنے میں آیا ہے۔ وادی کشمیر میں اس عرصے کے دوران معمول کے مقابلے میں 21.63 فیصد کم ، جبکہ جموں ڈویژن میں 8.07 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کشمیر ڈویژن میں یکم جون سے 9 جولائی کے درمیان 69.34 ملی میٹر معمول کی بارش کے مقابلے میں صرف 54.34 ملی میٹر بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 21.63 فیصدکا خسارہ ریکارڈ کیا گیا۔گاندربل میں ان 40روز میں 25 فیصد زیادہ بارش ہوئی، جبکہ پلوامہ میں 21 فیصد اور بارہمولہ میں 19 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب شوپیان میں سب سے زیادہ 77 فیصد بارش کی کمی درج کی گئی۔
اس کے علاوہ کولگام میں 55 فیصد، بڈگام میں 45 فیصد، بانڈی پورہ میں 43 فیصد، سرینگر میں 41 فیصد، کپواڑہ میں 23 فیصد اوراننت ناگ میں 9 فیصد بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جموں ڈویژن میں یکم جون سے 9 جولائی تک 152.62 ملی میٹر بارش کے مقابلے میں 164.95 ملی میٹر بارش ہوئی، جس کے باعث مجموعی طور پر 8.07 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سانبہ میں سب سے زیادہ 81 فیصد اور ادھم پور میں 74 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ پونچھ میں 28 فیصد، جموں اور ڈوڈہ میں 4،4 فیصد جبکہ رام بن میں 3 فیصد زیادہ بارش ہوئی۔ دوسری جانب راجوری میں 38 فیصد، کشتواڑ میں 31 فیصد، ریاسی میں 22 فیصد اور کٹھوعہ میں 17 فیصد بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 3 جولائی سے 9 جولائی تک کے ہفتہ وار اعداد و شمار بھی دونوں خطوں میں متضاد صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس عرصے کے دوران کشمیر ڈویژن میں 65.54 فیصد بارش کی کمی ریکارڈ ہوئی، جبکہ جموں ڈویڑن میں 28.34 فیصد زائد بارش درج کی گئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ دنوں میں جموں خطے کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش، بادل پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے متعدد واقعات پیش آئے، جبکہ وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں مون سون کے دوران بھی معمول سے کم بارش کا سلسلہ برقرار ہے۔