سوچمیتا
جموں//جموں ضلع کے اکھنور سب ڈویژن کے جوریان میں ڈھنگری کلیتھ میں اتوار کی شام ایک تیز رفتار منی بس کے الٹ جانے سے دو افراد ہلاک اور 16دیگر زخمی ہو گئے، جن میں سے چار کی حالت نازک ہے۔ پولیس نے بتایا، “اتوار کی شام، ایک منی بس زیر رجسٹریشن نمبر JK02AQ-8477 ، اکھنور سے ملی دی کھوئی جاتے ہوئے، جوریاں کے قریب دھانگری-کلیٹھ کے مقام پر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں دو مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور16 دیگر مسافر بھی زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال اکھنور اورجی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ۔ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ حادثہ لاپرواہی اور تیز رفتار ڈرائیونگ کی وجہ سے پیش آیا۔ اس سلسلے میں کیس درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ تاہم حادثے کی اصل وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔اس سلسلے میں اکھنور پولس اسٹیشن میں ایف آئی آر 93/2024 درج کی گئی ہے۔دو مرنے والوں کی شناخت 27 سالہ دیوانشو بھگت ولد ہربنس لال ساکن کھراہ اور 35 سالہ کیول ولد چونی لال ساکن سرملا کھور کے نام سے ہوئی ہے۔سولہ زخمیوں میں سے بارہ ایس ڈی ایچ اکھنور میں زیر علاج ہیں جبکہ چار شدید زخمیوں کو جی ایم سی ہسپتال جموں ریفر کیا گیا ۔اس سے قبل 30 مئی کو اتر پردیش، راجستھان اور ہریانہ سے تعلق رکھنے والے بائیس زائرین ضلع ریاسی میں شیوکھوری کی عبادت گاہ جاتے ہوئے اس وقت ہلاک اور 68 زخمی ہو گئے تھے جب وہ ایک بھیڑ بھری بس میں سفر کر رہے تھے، جوگہری کھائی میں گر گئی تھی۔