عارف بلوچ+مشتاق الاسلام
اننت ناگ//جواہر ٹنل کی حفاظت پر مامور ایک سی آر پی ایف اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلا کر زندگی کا خاتمہ کیا ۔24 ویںبٹالین سے وابستہ روپ کمار بشواکرما ساکن مال بری ویسٹ بنگال نے جمعہ کی صبح جواہر ٹنل کے نزدیک اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی ماری جس کے نتیجے میں اسکی موت واقع ہوئی ۔گولی کی آواز سنتے ہی دیگر اہلکار جائے واقع پر فوراً پہنچ گئے اور خون میں لت پت ساتھی کو ہسپتال لے جانے کوشش کی تاہم اہلکار کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی تھی۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اُدھرشوپیان کے بٹہ پورہ علاقے میں ایک 45 سالہ شخص نے مبینہ طور خود کو پھانسی دیکر زندگی کا خاتمہ کردیا ہے۔سرکاری عہدار کے مطابق ارشاد احمد وانی ولد مرحوم محمد یوسف وانی ساکن بٹہ پورہ شوپیاں کو اپنے گھر میں پھانسی پر لٹکا ہوا پایا گیا۔اس دوران لواحقین نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد لاش کو پولیس کی ایک ٹیم نے اپنی تحویل میں لیکر ضلع ہسپتال شوپیان پہنچایا۔ضلع ہسپتال میں سرکاری لوازمات پورا کرنے کے بعد پولیس نے لاش کو لواحقین کے سپرد کردیا ہے۔پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔