چنئی //انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔ روٹ نے یہ کارنامہ ہندوستان کے خلاف چنئی کے ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں پہلے ٹسٹ کے پہلے دن جمعہ کے روز انجام دیا۔ 30 سالہ روٹ تاریخ میں اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے والے منتخب کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے ٹسٹ تاریخ کے نویں بلے باز ہیں۔ روٹ کے کیریر کی یہ 20 ویں اور مسلسل تیسری سنچری ہے ۔ روٹ دنیا کے واحد ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے اپنی 98 ویں ، 99 ویں اور 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنائی ہے ۔ روٹ نے ہندوستان میں آنے سے پہلے سری لنکا کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 228 اور 186 رن بنائے تھے ۔ اس میں اب انہوں نے ایک اور سنچری جوڑ لی ہے ۔ روٹ نے اپنے ٹسٹ کیریز کا آغاز ہندوستان کی سرزمین سے کیا تھا۔ انہوں نے اپنا 50 واں ٹسٹ اور 100 ٹسٹ بھی ہندوستان میں کھیلا۔ ہندوستان کے خلاف ان کی یہ پانچویں سنچری ہے ۔ روٹ نے ہندوستان کے ناگپور میں دسمبر 2012 میں کھیلے گئے اپنے پہلے ٹسٹ میں 73 اور ناٹ آوٹ 20 رن بنائے تھے ۔ انہوں نے ہندوستان کے وشاکھاپٹنم میں نومبر 2016 میں کھیلے گئے اپنے 50 ویں ٹسٹ میں 53 اور 25 رن بنائے تھے ۔ انہوں نے اب ہندوستان کے چنئی میں اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔ عالمی رینکنگ میں پانچویں نمبر کے بلے باز روٹ اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے والے انگلینڈ کے تیسرے اور دنیا کے نویں بلے باز بن گئے ہیں ۔ انگلینڈ کے کالن کاوڈرے نے 1968 میں اپنے 100 ویں ٹسٹ میں 104 رن، پاکستان کے کے جاوید میانداد نے 1989 میں 145 ، ویسٹ انڈیز کے گارڈن گرینیز نے 1990 میں 149 ، انگلینڈ کے ایلیک اسٹیورٹ نے 2000 میں 105 رنز، 2005 میں پاکستان کے انضمام الحق نے 184 رن ، آسٹریلیائی کے رکی پونٹنگ نے 2006 میں 120 اور ناٹ آؤٹ 143 رن ، جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ نے 2012 میں 131رن اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ نے 2017 میں 134 رنز بنائے تھے ۔ روٹ کا نام ان خاص بلے بازوں کی صف میں شامل ہوگیا ہے ، جنہوں نے 100 ویں ٹیسٹ میں سنچریاں بنائی ہیں۔ روٹ ہندوستان کے خلاف ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں جمعہ کے روز میدان پر اترنے کے ساتھ ہی 100 ٹسٹ کھیلنے والے انگلینڈ کے 15 ویں کھلاڑی بن گئے ۔ روٹ نے 13 دسمبر 2012 کو ناگپور میں ہندوستان کے خلاف اپنا ٹسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اب سے پانچ سال پہلے وشاکھاپٹنم میں ہندوستان کے خلاف ہی اپنا 50 واں ٹسٹ کھیلا تھا اور اب چنئی میں انہوں نے ہندوستان کے خلاف ہی اپنا 100 واں ٹسٹ کھیلا۔ یواین آئی۔